برسوں بعد سیف سٹی پراجیکٹ پر کام کا آغاز

برسوں بعد سیف سٹی پراجیکٹ پر کام کا آغاز

کراچی (اسٹاف رپورٹر)شہرقائد میں 6 مقامات پرسیف سٹی پراجیکٹ کے جدید ترین پول نصب کردیے گئے ، ڈی جی سیف سٹی اور پراجیکٹ ڈائریکٹر این آر ٹی سی نے ٹیکنیکل ٹیم کے ہمراہ کاموں کا جائزہ لیا۔

تفصیلات کے مطابق شہر قائد میں برسوں سے تعطل کا شکار سیف سٹی پراجیکٹ پر کام شروع ہوگیا ہے ۔ پراجیکٹ ڈائریکٹر این آر ٹی سی بریگیڈیئر گل حسن کے مطابق آئندہ 20 روز میں شہر میں کیمرے لگنا شروع ہوجائیں گے ۔ ڈی جی سیف سٹی اور پراجیکٹ ڈائریکٹر این آر ٹی سی نے کاموں کا جائزہ لیا۔ ڈی جی سیف سٹی آصف اعجاز شیخ نے کہا کہ فیز ون میں ائرپورٹ کوریڈور اور ریڈ زون شامل ہیں۔ جدید کھمبوں میں ایمرجنسی بٹن بھی نصب ہوگا جس سے شہری کسی وقت بھی کمانڈاینڈ کنٹرول سے رابطہ کرسکے گا جب کہ شہری وائس ریکارڈنگ کے ذریعے بھی کمانڈ اینڈ کنٹرول کو اپنا پیغام پہنچا سکے گا۔ پروجیکٹ ڈائریکٹر کے مطابق ابتدائی طور پر محمد بن قاسم روڈ پر پاکستان چوک، حقانی چوک اور ڈی جے سائنس کالج کے پاس جدید کھمبوں کی تنصیب کا کام مکمل ہو گیا ہے اور آئندہ ہفتے میں ان پر کیمروں کی تنصیب کو بھی کام مکمل کر لیا جائے گا۔ ابتدائی طور پر 300 کیمرے فیز ون میں لگائے جائیں گے جب کہ مجموعی طور پر 1300 سے زائد کیمرے حساس مقامات پر سیف سٹی پروجیکٹ کے تحت لگائے جائیں گے ۔حکام کے مطابق جس پول پر کیمرے لگتے جائیں گے اس کو فوری طور پر کمانڈاینڈ کنٹرول سے کنیکٹ کردیا جائے گا ۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں