بلدیاتی ادارے 24گھنٹے خدمات انجام دیں گے ،سعید غنی

بلدیاتی ادارے 24گھنٹے خدمات انجام دیں گے ،سعید غنی

کراچی (اسٹاف رپورٹر)وزیر بلدیات سندھ سعید غنی نے کہا ہے کہ محرم الحرام کے دوران کراچی سمیت سندھ بھر میں تمام بلدیاتی ادارے 24 گھنٹے تک اپنی خدمات سرانجام دیں گے ۔

 محرم الحرام کی مجالس اور جلوسوں کے راستوں میں اسٹریٹ لائٹس، پانی کی فراہمی، سیوریج کے مسائل اوراسترکاری کا کام مکمل کرلیا گیا ہے ۔ ہماری پوری کوشش ہوگی کہ عزاداران کو کسی قسم کی کوئی پریشانی نہ ہو اور کسی بھی شکایات پر فوکل پرسن تعینات کردیا ہے ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ہفتہ کی صبح کراچی کے مختلف امام بارگاہوں اور جلوس کے راستوں کا 4 گھنٹے طویل دورہ کے دوران کیا۔ صوبائی وزیر سعید غنی نے نشتر پارک، محفل شاہ خراسان، طاہری مسجد، حسنیہ امام بارگاہ کھارادر، بڑا امام بارگاہ، امام بارگاہ باب العلم، محسن امام بارگاہ انچولی سمیت دیگر امام بارگاہوں کا دورہ کیا اور وہاں کی انتظامیہ سے محرم الحرام کے حوالے سے تفصیلی معلومات حاصل کی۔ صوبائی وزیر سعید غنی نے محرم الحرام کے دوران نشتر پارک سمیت مختلف امام بارگاہوں میں منعقد ہونے والی مجالس کے اطراف کے علاقوں کا بھی دورہ کیا اور وہاں صفائی ستھرائی، اسٹریٹ لائٹس کی تنصیب، پانی اور سیوریج کے نظام اور سڑکوں کی حالت زار کا جائزہ لیا۔ اس موقع پر انہوں نے کہا کہ محرم الحرام کے دوران عزاداروں کو سہولیات کی فراہمی کو ہر ممکن یقینی بنایا جائے گا اور جن راستوں کو کارپیٹ کرنا ہے اس کے کام کا آغاز کردیا گیا ہے۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں