کامونکے :اساتذہ کی کل سے سکولوں کی تالا بندی کی دھمکی
کامونکے (نامہ نگار )سرکاری تعلیمی اداروں کی نجکاری کے باعث ورلڈٹیچرز ڈے یوم سیاہ کے طور پر منایا گیا۔تحصیل بھر کے مردوخواتین اُساتذہ نے احتجاجی ریلی نکاتے ہوئے پنجاب حکومت کیخلاف شدید نعرہ بازی کی۔
گزشتہ صبح ٹیچرز یونین کے صدر آفتاب خاں کی قیادت میں تحصیل بھر کے بوائز و گرلز سکولوں کے مردو خواتین اُساتذہ نے ورلڈ ٹیچرز ڈے کو بازوں پر کالی پٹیاں باندھ کر یوم سیاہ کے طور پر منایا جبکہ اُساتذہ کی بڑی تعداد نے ہاتھوں میں بینرز اور کتبے اُٹھاکر ریلوے روڈ سے مین بازار اور جی ٹی روڈ سے ہوتے ہوئے پریس کلب تک احتجاجی ریلی بھی نکالی۔اس موقع پر ریلی کے شرکا نے پنجاب حکومت کیخلاف شدید نعرہ بازی بھی۔ مقررین نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سرکاری سکولوں کی فروخت ہرگز منظور نہ کی جائے ،غریبوں کے بچوں کومفت تعلیم سے مرحوم نہ کیا جائے ،سرکاری سکولوں میں انتہائی غریب بچے آتے ہیں جوماہانہ بیس روپے فیس بھی ادا نہیں کرسکتے تو نجکاری کی وجہ سے وہ ہزاروں روپے فیس کیسے ادا کریں گے ۔سرکاری سکولوں کو عوام نے زمین اس لئے دی ہے کہ اُنکے بچے مفت پڑھ سکیں۔اُنہوں نے مزید کہا کہ حکومت کی طرف سے عوام سے صحت،روٹی اور سستی بجلی سمیت دیگر سہولیات چھینے کے بعد اب تعلیم کی سہولت بھی چھیننے کی کوشش کی جارہی ہے کہ کہیں غریبوں کے بچے پڑھ لکھ سیاستدانوں اور سرمایہ داروں کے مقابلے میں نہ آجائیں،نجکاری کا فیصلہ واپس نہ لیا گیا تو سوموا ر سے تعلیمی اداروں کی تالا بندی کردی جائیگی۔