ایچ آئی وی سے نمٹنے کیلئے مربوط اقدامات کر رہے، ڈاکٹر مختار
اسلام آباد (ایجنسیاں) وزیراعظم کے کوآرڈینیٹر برائے صحت ڈاکٹر مختار احمد بھرتھ نے کہا ہے کہ وزارت صحت ایچ آئی وی سے نمٹنے کیلئے مربوط اقدامات کر رہی ہے، موبائل وینز اور ریفریجریٹڈ ٹرک پاکستان میں ایچ آئی وی سے نمٹنے کیلئے ایک انقلابی قدم ہے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے ایچ آئی وی سے نمٹنے کیلئے پانچ موبائل وینز اور پانچ ریفریجریٹڈ ٹرکوں کی تقسیم کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا، انہوں نے کہا گاڑیاں خاص طور پر دور دراز اور پسماندہ علاقوں میں پیشگی اقدامات، تشخیص اور علاج کی فراہمی کو یقینی بنائیں گی۔ ڈاکٹر مختار بھرتھ نے کہا کہ عالمی فنڈکے تعاون کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں جن کی مسلسل مالی امداد نے ایچ آئی وی سے نمٹنے کیلئے کلیدی کردار ادا کیا ہے۔ ہمیں کمیونٹی پر مبنی روک تھام، ٹیسٹنگ اور علاج کے طریقوں کو مضبوط بنانا ہوگا۔