نارتھ ناظم آباد میں کے الیکٹرک آفس کاگھیراؤ ،پتھراؤ

نارتھ ناظم آباد میں کے الیکٹرک آفس کاگھیراؤ ،پتھراؤ

کراچی(اسٹاف رپورٹر)نارتھ ناظم آباد میں بجلی کی غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ کے خلاف علاقہ مکینوں کا شدید احتجاج،،مظاہرین نے کے الیکٹرک کے دفتر کا گھیراؤ کیا اور پتھر بھی برسائے ۔

احتجاج نارتھ ناظم آباد ڈی سی آفس کے قریب قائم کے الیکٹرک کے دفتر کے باہر کیا گیا۔احتجاج کے باعث کے الیکٹرک انتظامیہ نے دفتر کے دروازے بند کردئیے صورت حال کو کنٹرول کرنے کے لئے پولیس کی نفری بھی طلب کی گئی۔مظاہرین نے کے الیکٹرک کے خلاف نعرے بازی کی اور دفتر پر پتھراؤ بھی کیا۔مظاہرین کا کہنا تھا کہ کے الیکٹرک کی جانب سے محرم الحرام میں بھی بجلی کی طویل لوڈشیڈنگ کی جا رہی ہے ،روزانہ 14 سے 16 گھنٹے بجلی غائب رہتی ہے ،بجلی کی لوڈ شیڈنگ کی وجہ سے علاقے میں پانی کی قلت بھی ہوتی ہے ۔انکا کہنا تھا کہ روزانہ 14 سے 16 گھنٹے بجلی غائب رہتی ہے ۔احتجاج کرنے والے شہریوں کا کہنا تھا کہ کوئی فالٹ آجائے تو اسے دور کرنے میں بھی کئی گھنٹے لگادیے جاتے ہیں۔ شیڈول سے ہٹ کر بھی لوڈ شیڈنگ کی جارہی ہے جس کے نتیجے کی لوگوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے ۔شدید گرمی میں حبس کے باعث لوگوں کا گھروں میں رہنا دوبھر ہوگیا ہے ۔ رات رات بھر بجلی غائب رہنے سے لوگ سو بھی نہیں پاتے اور معاشی سرگرمیوں میں بھی بھرپور حصہ نہیں لے پاتے ۔کے الیکٹرک انتظامیہ کی جانب سے مظاہرین کو طویل لوڈشیڈنگ نہ کرنے کی یقین دہانی کرائی گئی ۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں