نالوں کی صفائی کیلئے فنڈز میں کٹوتی کراچی دشمنی ،منعم ظفر

نالوں کی صفائی کیلئے فنڈز میں کٹوتی کراچی دشمنی ،منعم ظفر

کراچی (اسٹاف رپورٹر)امیرجماعت اسلامی کراچی منعم ظفر خان نے مون سون کی آمد کے باوجود کے ایم سی کی طرف سے نالوں کی صفائی ستھرائی کا کام تاحال نامکمل ہونے۔۔

 اور اس کیلئے مختص فنڈز میں 260ملین روپے کی کٹوتی اور تاخیر کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ شہر کو اربن فلڈنگ کا خطرہ ہے ،نالوں کی صفائی مکمل نہ کرکے شہر کو ایک بار پھر ڈبونے کی سازش کی جارہی ہے ، نالوں کی صفائی کا کام فوری مکمل کیا جائے ۔اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ جہاں جہاں نالے صاف کئے گئے وہاں نالوں کی چھتیں اور دیواریں توڑ دی گئی ہیں، کھلے نالے اور ڈھکن کے بغیر مین ہولز عوام کیلئے موت کے کنویں ہیں۔ بارشوں میں کھلے نالوں میں گرنے سے انسانی جانیں ضائع ہوسکتی ہیں جس کے ذمہ دار میئرکراچی اور حکومت سندھ ہوگی،فی الفور نالوں کی چھتیں اور دیواریں بھی تعمیر کی جائیں۔انہوں نے کہاکہ کراچی کے تمام نالے چوک ہیں ،بجائے اس کے کہ بجٹ میں اضافہ کیاجاتا اور نالوں کی بھرپور صفائی کی جاتی لیکن فنڈ کم کردیے گئے جو سراسر کراچی دشمنی ہے ۔انہوں نے کہا کہ نالوں کی صفائی کیلئے فنڈز 410ملین روپے جون کے آخر میں جاری کئے گئے جبکہ کے ایم سی کو گزشتہ برس 670ملین روپے کے فنڈز جاری کئے تھے ۔ منعم ظفرنے کہا کہ شہر کو نااہل حکمرانوں کے رحم وکرم پر نہیں چھوڑ سکتے ، بارشوں کے باعث ہرقسم کے ہنگامی حالات سے نمٹنے کیلئے جماعت اسلامی اپنا بھر پورکردار ادا کرے گی۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں