پمپنگ اسٹیشنز پربجلی کی بندش،پانی کا سنگین بحران

پمپنگ اسٹیشنز پربجلی کی بندش،پانی کا سنگین بحران

کراچی (اسٹاف رپورٹر)دھابیجی پپمنگ اسٹیشن میں بجلی کی بندش اور حب پپمنگ اسٹیشن میں تکنیکی خرابی کے بعد کراچی میں پانی کی سپلائی شدید متاثر ہوگئی بدھ کو شہر میں پانی کا بڑا بحران رہا۔

شہر کے 7 میں سے 5 سرکاری واٹر ہائیڈرنٹس بند ہونے کے سبب ٹینکرز سروس بھی معطل ہوگئی شہری پانی کی بوند بوند کو ترستے رہے سب سے زیادہ پریشانی ضلع وسطی کے لاکھوں مکینوں کو اٹھانا پڑی ۔واٹر ٹینکرز سروس بھی معطل رہی سب سے زیادہ پریشانی نارتھ ناظم آباد، نارتھ کراچی ، ایف بی ایریا، ناظم آباد ، لیاقت آباد، گلشن اقبال ، گلستان جوہر، ملیر ، شاہ فیصل کالونی، محمد علی سوسائٹی ، طارق روڈ ، لائز ایریا، سمیت اولڈ سٹی ایریا میں پانی کی قلت رہی۔ لاکھوں شہری پانی کی بوند بوند کوترستے رہے پانی کیلئے پریشان شہریوں کا کہنا ہے وزیر اعلیٰ سندھ کراچی میں پانی کی قلت کا نوٹس لیں ،آئے دن پانی کی عدم فراہمی کی وجہ سے شدید پریشانی اٹھانا پڑ رہی ہے ، گھر میں کھانے پکانے سمیت واش کیلئے بھی ایک قطرہ پانی نہیں ہے ۔ دوسری جانب ترجمان واٹر کارپوریشن کا کہنا ہے کہ دھابیجی پمپنگ اسٹیشن پر کے الیکٹرک کی جانب سے بجلی کے اچانک بریک ڈاؤن کے باعث 72 انچ ایم ایس کی لائن نمبر پانچ متاثر ہوگئی، متاثرہ ہونے والی لائن کی بحالی کا کام ہنگامی بنیادوں پر شروع کردیا گیا ہے اگلے 24 گھنٹوں میں مکمل کرلیا جائے گا۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں