دوران بارش ممکنہ ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کیلئے تیار ہیں، کمشنر سکھر

دوران بارش ممکنہ ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کیلئے تیار ہیں، کمشنر سکھر

سکھر (بیورو رپورٹ) ۔ تفصیلات کے مطابق کمشنر سکھر فیاض حسین عباسی نے کہا ہے کہ مون سون بارشوں سے قبل ہی تمام متعلقہ اداروں کو متحرک کردیا ہے ، انتظامیہ مون سون بارشوں کے دوران ممکنہ ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لئے تیار ہے ۔

یہ بات انہوں نے شہر کے مختلف واٹر پمپنگ اسٹیشنز کے دورے کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہی۔ ڈپٹی کمشنر سکھر ڈاکٹر ایم بی راجہ دھاریجو بھی ان کے ہمراہ موجود تھے ۔ کمشنر سکھر نے مکہ، شالیمار، قریشی روڈ، دربا روڈ، جیل روڈ، میانی، پولیس لائن اور بچل شاہ ڈسپوزل پمپنگ اسٹیشنز کا دورہ کیا اور مون سون بارشوں سے نمٹنے کیلئے تیاریوں کا جائزہ لیا۔ انہوں نے کہا کہ دورے کا مقصد مون سون کے دوران ممکنہ سیلاب اور بارشوں کے پانی کے اخراج کے مسائل سے نمٹنے کے لیے پمپنگ اسٹیشنز کی تیاری کو یقینی بنانا ہے ۔کمشنر سکھر نے موسلادھار بارش کے اثرات کو کم کرنے کے لیے فعال اقدامات کی اہمیت پر زور دیا اور متعلقہ حکام کو ہدایت دی کہ واٹر پمپنگ اسٹیشنز پر بجلی کے متبادل انتظامات موثر انداز میں یقینی بنائے جائیں اور اس ضمن میں بالخصوص میونسپل سروسز اور پبلک ہیلتھ کے محکموں سے رابطوں کو مضبوط کیا جائے ۔ انہوں نے مزید کہا کہ شہر کے چوکنگ پوائنٹس اور نشیبی علاقوں کے لئے خصوصی ہنگامی پلان ترتیب دیا جائے تاکہ شہریوں کو بارشوں کے دوران کسی قسم کی دشواری کا سامنا نہ کرنا پڑے ۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں