منشیات فروشی میں ملوث سرکاری ملازمین کے خلاف کارروائی کے لئے اقدامات کا فیصلہ

منشیات   فروشی  میں  ملوث  سرکاری  ملازمین  کے خلاف  کارروائی  کے لئے  اقدامات  کا  فیصلہ

کراچی (اسٹاف رپورٹر)سندھ کے سینئر وزیر شرجیل انعام میمن کی زیر صدارت محکمہ ایکسائز و ٹیکسیشن کا اعلیٰ سطح کا اجلاس کراچی میں ڈائریکٹوریٹ آف ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن میں ہوا۔

اجلاس میں پریمیم نمبر پلیٹس کی دوسری نیلامی شروع کرنے اور نمبرز کے اجراع کے لئے الگ دفتر قائم کرنے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ اجلاس میں گاڑی مالکان کے ناموں کی شروعاتی لفظوں سے بھی پریمیم نمبر پلیٹس کے اجرا اور پسند کی نمبر پلیٹس کی فیس میں اضافے سے متعلق تجاویز ترتیب دینے کا فیصلہ کیا گیا۔ اجلاس میں سینئر وزیر نے ہدایات جاری کیں کہ شہریوں کو سہولت کے لئے پہلی نیلامی میں جاری کردہ پریمیم نمبر پلیٹس کے تمام قانونی تقاضے جلد از جلد پورے کئے جائیں۔ انہوں نے کہا کہ پریمیم نمبر پلیٹس لگانے کے لئے متعلقہ گاڑی کا رجسٹرڈ ہونا لازمی ہوگا، پریمیم نمبر پلیٹس صرف رجسٹرڈ گاڑیوں پر ہی آویزاں کی جا سکیں گی۔ اجلاس میں منشیات فروشی میں ملوث سرکاری ملازمین کے خلاف کارروائی کے لئے چیف سیکریٹری سے خط و کتابت کا فیصلہ بھی کیا گیا۔ شرجیل انعام میمن نے کہا کہ منشیات کے خلاف کارروائیوں کو مزید موثر بنانے کے لئے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں، نئی نسل کو منشیات فروشوں کے رحم و کرم پر نہیں چھوڑ سکتے ، منشیات فروشوں کے خلاف سخت سے سخت کارروائیاں کی جائیں گی۔ منشیات فروشوں کے خلاف کیسز کی مضبوط پیروی کو یقینی بنایا جائے ۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں