ریڈ زون میں فرانسیسی شہری سے 5ہزاریورو لوٹ لئے گئے

کراچی(اسٹاف رپورٹر)ریڈ زون میں غیر ملکی مہمان کو کار سوار ملزمان نے تلاشی کے بہانے لوٹ لیا ،کار سوار ملزمان غیر ملکی شہری سے 16 لاکھ روپے کی غیر ملکی رقم لے اڑے ۔
واردات ڈسٹرکٹ ساؤتھ ریڈ زون کے تھانہ آرٹلری میدان میں واقعہ نجی ہوٹل کے باہر کی گئی۔تفصیلات کے مطابق فرانس سے آئے شہری کو سفید کار میں سوار افراد نے تلاشی کے بہانے روکا ، اس دوران ملزمان ادریسی نامی شہری سے 5 ہزار یورو چھین کر فرار ہوگئے ۔ متاثرہ غیر ملکی شہری کے مطابق ملزمان نے اپنا تعارف قانون نافذ کرنے والے ادارے کے اہلکاروں کے طور پر کرایا جبکہ کار میں تین افراد تھے ۔متاثرہ شہری نے پولیس سے رابطہ تو کیا ہے تاحال اس نے درخواست درج نہیں کروائی، پولیس سی سی ٹی وی فوٹیج کی مدد سے ملزمان کی تلاش کر رہی ہے ۔دوسری جانب نارتھ ناظم آباد میں راہ چلتی دو لڑکیوں کو تنہا ڈاکو نے لوٹ لیا ،ویڈیو منظر عام پر آگئی ۔ تفصیلات کے مطابق راہ چلتی دو لڑکیوں سے لوٹ مار کی واردات کا واقعہ تیموریہ تھانے شادمان ٹاؤن سیکٹر 14 بی پیش آیا ،ویڈیو میں گلی سے گزرنے والی دو لڑکیوں سے موٹر سائیکل سوار تنہا ملزم کو لوٹ مارکرتے دیکھا جاسکتا ہے ۔ واقعے جمعہ کی صبح ساڑھے نو بجے کے قریب پیش آیا ۔ پولیس کا کہنا ہے متاثرہ کسی بھی شہری نے تاحال تھانے سے رابطہ نہیں کیا۔