بچوں کی اموات کی ذمہ دارسندھ حکومت وکے ایم سی ، منعم ظفر

بچوں کی اموات کی ذمہ دارسندھ حکومت وکے ایم سی ، منعم ظفر

کراچی(اسٹاف رپورٹر)امیر جماعت اسلامی کراچی منعم ظفر خان نے کہا کہ پیپلز پارٹی کے ڈپٹی میئر سلمان مراد کے علاقے میں گٹر میں گر کر بچوں کی اموات کا حالیہ واقعہ چوتھا واقعہ ہے جو انتہائی افسوسناک اور قابل ِ مذمت ہے ۔

 اس کی ذمہ داری سندھ حکومت اور کے ایم سی پر عائد ہوتی ہے ،بچوں کی جان بچانے کیلئے کوئی حکومتی مشینری موجود نہیں تھی، 25سال سے اس گوٹھ میں سیوریج کا نظام موجود نہیں ہے ،جماعت اسلامی سوگوار خاندانو ں کے ساتھ کھڑی ہے ۔ ہمارا مطالبہ ہے کہ میمن گوٹھ کے مکینوں کو بنیادی سہولتوں کی فراہمی یقینی بنائی جائے ، سیوریج کا نظام بنایا جائے ، زندگی ہارنے والے بچوں کے اہل خانہ کو زرِ تلافی ادا اور زخمی بچوں کا علاج معالجہ سرکاری خرچ پر کیا جائے ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے کھوسہ محلہ،میمن گوٹھ ملیر میں گٹر میں گر کر جاں بحق ہونے والے بچوں کے والدین و دیگر اہل خانہ سے ملاقات کے بعد میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔منعم ظفر نے کہا کہ پیپلز پارٹی کے نمائندے اس علاقے سے ووٹ لیتے ہیں اور انتخابات کے موقع پر بہت سے وعدے کرتے ہیں لیکن جیتنے کے بعد یہاں کے مکینوں کو بھول جاتے ہیں۔ ڈپٹی میئر یہاں کے یوسی چیئر مین بھی ہیں اور صورتحال یہ ہے کہ یہاں سیوریج کا کوئی نظام موجود نہیں اور لوگ بنیادی سہولتوں سے محروم ہیں۔ علاقہ مکین اپنی مدد آپ کے تحت پانی کی نکاسی کا انتظام کرتے ہیں۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں