کسی بھی علاقے میں بارش کا پانی موجود نہیں ،میئرکادعویٰ

کسی بھی علاقے میں بارش کا پانی موجود نہیں ،میئرکادعویٰ

کراچی(مانیٹرنگ ڈیسک)میئر کراچی مرتضیٰ وہاب نے اپنے بیان میں دعویٰ کیا ہے کہ شہر کے کسی بھی علاقے میں بارش کا پانی موجود نہیں ہے ۔

میئر کراچی مرتضیٰ وہاب نے بارش کے بعد کی صورتحال کا جائزہ لینے کیلئے اولڈ سٹی ایریا، صدر، ایم اے جناح روڈ، گرو مندر، طارق روڈ، خالد بن ولید روڈ، بہادر آباد، کارساز روڈ سمیت ملحقہ علاقوں کا دورہ کیا۔اس موقع پر ان کے ہمراہ کے ایم سی سمیت دیگر بلدیاتی اداروں کے افسران بھی موجود تھے ۔میڈیا سے گفتگو میں مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ نشیبی علاقوں سے بارش کے پانی کی نکاسی کر دی گئی ہے ، شہر کے مختلف علاقوں میں ہیوی مشینری موجود ہے ۔انہوں نے کہا کہ شہر کے کسی انڈر پاس میں پانی جمع نہیں ہے اور ٹریفک رواں دواں ہے ، عوام کے ٹھکرائے ہوئے لوگوں کا بلاوجہ تنقید کرنا وتیرہ بن چکا ہے ، بیان دینے والوں کو کہیں بارش کا پانی نظر نہیں آیا مگر عوام کو گمراہ کرنا فرض سمجھتے ہیں۔میئر کراچی نے کہا کہ یہ تنقید کریں ہم عوام کی خدمت کرتے رہیں گے ، تنقید کرنے والوں کو فیلڈ میں موجود بلدیاتی عملہ بھی نظر نہیں آیا، تعصب کا چشمہ اتاریں تو سب اچھا نظر آئے گا۔ان کا کہنا تھا کہ بہتری کی گنجائش ہر جگہ ہوتی ہے ہم اپنے کام سے چیزوں کو بہتر کریں گے ۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں