میرپورخاص:شدید گرمی میں طویل لوڈشیڈنگ، درجنوں بیہوش

میرپور خاص، پنگریو (بیورو رپورٹ، نمائندہ دنیا) میر پور خاص اور پنگریو سمیت مختلف علاقوں میں شدید گرمی میں طویل بجلی بندش نے شہریوں کا برا حال کر دیا، درجنوں افراد بیہوش، آپریشن ملتوی ہوگئے ۔
تفصیلات کے مطابق میرپورخاص میں اتوار کی صبح9 بجے تمام فیڈرز کی بجلی منقطع ہو گئی جو شام 6 بجے بحال ہوئی۔شدید گرمی اور حبس کے سبب گھروں اور اسپتالوں میں موجود بیمار افراد کو سخت اذیت کا سامنا کرنا پڑا، بجلی نہ ہونے سے اکثر اسپتالوں میں أٓپریشن ملتوی کر دئیے گئے ۔طویل بجلی بندش کی معلومات حاصل کرنے کے لیے شہری متعلقہ دفتر اور افسران سے رابطہ کرنے کی کوشش کرتے رہے مگر کوئی بھی فون اٹینڈ نہیں کررہا تھا، جس سے شہریوں میں غصہ پایا جاتا تھا۔ پنگریو اور اندرون سندھ کے مختلف علاقوں میں شدیدگرمی اور طویل لوڈشیڈنگ سے معمولات زندگی بری طرح متاثر،درجنوں افرادبے ہوش ہو گئے ۔ شدیدگرمی، حبس اورگھٹن کے باعث لوگوں کا گھروں سے باہرنکلنامحال ہوگیا، گرمی کی شدت سے عمررسیدہ افراد اوربچوں کی حالت غیرہوگئی۔ حیسکو پنگریو کے عملے نے پنگریو گرڈ اسٹیشن سے منسلک دیہات اورقصبوں کی بجلی دن بھر غیر اعلانیہ طور پر معطل رکھی ۔ شدیدگرمی کے باعث سڑکوں پرٹریفک بھی معمول سے کم رہا۔ دوسری جانب کاروباری اور تجارتی مراکز میں ویرانی چھائی رہی ، تاہم لسی، کولڈ ڈرنک اوردیگرمشروبات کی دکانوں وٹھیلوں پر رش رہا، جس کی وجہ سے ان کی قیمتوں میں بھی اضافہ ہوگیا۔ طبی ماہرین نے گرمی کی شدت سے محفوظ رہنے کیلئے عوام کو غیرضروری طور پر گھروں سے باہرنہ نکلنے اور پانی زیادہ پینے کامشورہ دیاہے۔