لسبیلہ:پولیس نے گٹکا ماوا کے 25 ہزار پیکٹ تلف کر دئیے
لسبیلہ،جھڈو (نمائندگان دنیا) لسبیلہ اور جھڈو پولیس نے مختلف کارروائیوں میں بڑی تعداد میں مضرصحت گٹکا، ماوا بر آمد، اشتہاری سمیت 3 ملزمان گرفتار کر لئے ۔
تفصیلات کے مطابق ایس ایچ او بیلہ عطااﷲجاموٹ نے ٹیم کے ہمراہ کارروائی کے دوران بیلہ شہر کے مختلف مقامات پر قائم کیبن، پان شاپس، اسٹالز، ٹھیلوں سے دیسی ساختہ گٹکا کے 10 ہزار جبکہ ماوا کے 15 ہزار پیکٹ قبضے میں لے کر تلف کر دئیے ۔ ایس ایچ او بیلہ نے گٹکا/ ماوا فروخت کرنے والوں کو وارننگ دی کہ اگر دوبارہ اس قسم کے کاروبار میں ملوث پائے گئے تو سخت کارروائی کی جائے گی۔ ادھر ایس ایچ او ہائٹ انسپکٹر عطااﷲنمانی نے ٹیم کے ہمراہ کارروائی کرتے ہوئے اشتہاری محمد عثمان ولد مولا بخش کو گرفتار کرلیا، جو ڈکیتی کے متعدد مقدمات میں مطلوب تھا، ایس ایچ او ہائٹ نے بتایا کہ جرائم پیشہ عناصر کے خلاف کریک ڈاؤن کا سلسلہ جاری رکھا جائے گا۔جھڈو پولیس کے ایس ایچ او شاہ نواز خاصخیلی نے خفیہ اطلاع پر گاؤں احمد خان کھوسہ کے قریب چیلا رام کی اوطاق پر چھاپہ مار کر 2 ملزمان پریم چند ریباری اور دیوان ریباری کو گرفتار کرلیا، جبکہ دو ملزمان چیلا رام ریباری اور فقیر محمد کھوسہ فرار ہوگئے ۔ پولیس نے اوطاق سے 16 تھیلے مضر صحت گٹکا تحویل میں لے لیا، جس کی مالیت کئی لاکھ روپے ہے ۔جھڈو تھانے پر دونوں گرفتار ملزمان اور مفرور ملزمان کے خلاف ایس ایچ او کی مدعیت میں منشیات ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کرلیا گیا۔