کوئی انڈسٹری بند نہیں ہورہی،مزیدصنعتیں لگیں گی،صوبائی وزیر
کراچی (بزنس رپورٹر )صوبائی وزیر جام اکرام اللہ دھاریجو نے کہا ہے کہ سندھ میں کوئی انڈسٹری بند نہیں ہورہی بلکہ مزید صنعتیں لگیں گی۔
صوبائی وزیر نے ایف پی سی سی آئی کے دورے کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوے کہا کہ آئندہ ہفتہ اسلام آباد میں پلاننگ کمیشن حکام سے ملاقات میں سندھ کے صنعتی زون میں انفرااسٹرکچر کی بہتری کیلئے فنڈز مختص کرنے پر بات کی جائے گی ۔ اس میٹنگ میں فیڈریشن کو بھی نمائندگی دی جائے گی تاکہ کراچی اور سندھ کے صنعتی علاقوں میں بہتری لائی جاسکیں ۔ صوبائی وزیر کا کہنا تھا کہ بجٹ میں حکومت کی جانب سے کوئی نئی انڈسٹریل اسکیم نہیں رکھی گئی۔وفاق کی جانب سے اس حوالے سے کوئی فنڈز نہیں ملے ۔ صوبائی وزیر کا کہنا تھاسندھ میں انڈسٹریلائزیشن کا وژن ہے ۔ ایف پی سی سی آئی کو آن بورڈ لیا جائے گا ۔ جبکہ ایف پی سی سی آئی کی تجویز پر سندھ انڈسٹریل بورڈ میں سندھ کے تمام چیمبرز کو نمائندگی دی جائے گی۔ صوبائی وزیر نے سکھر چیمبر آف کامرس کے مطالبہ پر سکھر انڈسٹریل زون کیلئے ایک فائر بریگیڈ کی فراہمی کی بھی یقین دہانی کرائی ۔ اس موقع پر ایف پی سی سی آئی کے قائم مقام صدر ثاقب فیاض منگو کا کہنا تھا کہ بجلی مہنگی ہونے کے باعث ملک بھر میں 30 فیصد صنعتیں بند ہوگئی ہیں ۔ آئی پی پیز سے معاہدے ازسرنو نہیں کئی گئے اور بجلی کی قیمت کم نہ کہ گئی تو مزید صنعتیں بھی بند ہو جائے گی۔اس موقع پرصوبائی وزیر نے اوور بلنگ کی شکار صنعتوں کو ریلیف کے لئے کمیٹی بنانے کا اعلان کیا۔