منعم ظفر نے گلبرگ میں پہلے اربن فارسٹ کا افتتاح کردیا
کراچی (اسٹاف رپورٹر)امیرجماعت اسلامی کراچی منعم ظفرخان ٹاؤن میونسپل کارپوریشن گلبرگ کے زیر اہتمام کراچی میں سہراب گوٹھ تا شفیق موڑپہلے اربن فارسٹ کا امیرجماعت اسلامی ضلع گلبرگ وسطی فاروق نعمت اللہ،ٹاؤن چیئرمین گلبرگ وسطی نصرت اللہ کے ہمراہ پودا لگا کر افتتاح کیا۔
اس موقع پر منعم ظفر خان نے میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ بلا تفریق رنگ و نسل پورے شہر میں 5لاکھ درخت لگائیں گے ،جماعت اسلامی اپنے 9ٹاؤنز کے علاوہ باقی ٹاؤنز میں بھی شجر کاری مہم چلائے گی،شہر میں اس وقت پانی وبجلی کا بحران ہے ، واٹر اینڈ سیوریج کے مسائل ہیں، ایسے حالات میں قبضہ میئر کی ترجیحات نظر نہیں آتی،ہونا تو یہ چاہیے تھا کہ شہر کی گرین بیلٹس کوبہتر کیا جاتا،ہم شہر کو خوبصورت بنانے کیلئے اپنا حصہ ادا کررہے ہیں۔بین الاقوامی رپورٹ کے مطابق پاکستان میں فی شہری 7درخت ہونے چاہئیں لیکن بد قسمتی سے اس وقت فی شہری 0.38 درخت موجود ہیں جس کے باعث ماحولیات کانظام خراب سے خراب تر ہوتا جارہا ہے ۔تقریب سے امیر جماعت اسلامی ضلع گلبرگ وسطی فاروق نعمت اللہ، ٹاؤن چیئرمین گلبرگ وسطی نصرت اللہ نے بھی خطاب کیا۔اس موقع جماعت اسلامی کراچی کے سکریٹری اطلاعات زاہد عسکری، کراچی پریس کلب کے سکریٹری شعیب احمد و دیگر ذمہ داران بھی موجود تھے ۔