تجاوزات کیخلاف آپریشن ، ڈی ایس پی سمیت 8اہلکار زخمی
کراچی(رپورٹ:آغا طارق)ملیر کینٹ کے قریب سرکاری اراضی سے تجاوزات واگزار کرانے کیلئے محکمہ ریونیوکے عملے ،اینٹی انکروچمنٹ اور پولیس کی بھاری نفری نے آپریشن کیا ۔
لینڈ مافیا کی جانب سے ریونیو عملے اور پولیس پر فائرنگ اور پتھراؤ کیا گیا جس میں ڈی ایس پی میمن گوٹھ سمیت 8اہلکار زخمی ہوگئے۔ تفصیلات کے مطابق ملیر کینٹ گلشن رومی راسدی گوٹھ کے قریب سرکاری زمین واگزار کروانے کیلئے ڈپٹی کمشنر ملیر عرفان سلام میروانی کی ہدایت پر ایس ایس پی ملیر کاشف آفتاب، سعید رند،اسٹنٹ کمشنر ائرپورٹ کی سربراہی میں اینٹی انکروچمنٹ پولیس نے بھاری مشینری کے ساتھ قبضہ ختم کروانے کیلئے آپریشن کیا۔ قبضہ مافیا کی جانب سے ریونیو عملے اور پولیس پر فائرنگ اور پتھراؤ کیا گیاجس کے نتیجے میں ڈی ایس پی میمن گوٹھ غلام شبیر جمالی سمیت 8اہلکار زخمی ہوگئے ،آپریشن کے دوران جھونپڑیاں اور پکے گھروں کو مسمار کیا گیااور 10ارب روپے سے زائد مالیت کی 22ایکڑ سرکاری اراضی کو واگزار کرایا گیا۔ واقعے کا مقدمہ ملیر کینٹ تھانے پر درج کیا گیا۔