کنری :آلودہ پانی نہر وں میں چھوڑنے سے امراض پھیلنے کاخدشہ

 کنری :آلودہ پانی نہر وں میں چھوڑنے سے امراض پھیلنے کاخدشہ

کنری(نمائندہ دنیا)کنری میں پینے کے پانی کا بحران سر اٹھانے لگا،تالابوں میں صرف تین روز کی سپلائی باقی رہ گئی ۔

 بارشوں کے پیش نظر محکمہ آبپاشی کی جانب سے نبی سر نہر میں پانی کی بندش کے باعث تحصیل کنری کے چھوٹے بڑے شہروں اور سینکڑوں قصبات کے مکین پریشان ہیں جبکہ محکمہ آبپاشی کی جانب سے نہر میں پانی چھوڑنے کا تاحال دور دور تک کوئی اتا پتہ نہیں،اسی طرح زمینداروں کی جانب سے اپنی زمینوں میں کھڑا آلودہ پانی نبی سر واہ اور اس سے ملحقہ شاخوں میں چھوڑا جا رہا ہے جس کے استعمال سے ڈائریا،جلدی بیماریوں سمیت مختلف امراض پھیلنے کے خدشات بڑھ گئے ہیں۔علاوہ ازیں شہر کی واٹر سپلائی سے پہلے حسب معمول دو گھنٹے کی سپلائی دی جاتی تھی ،تاہم پانی ختم ہو جانے کی وجہ سے اب صرف ایک گھنٹے کی سپلائی دی جا رہی ہے جس سے پانی دور کی کالونیوں اور بستیوں تک نہیں پہنچ رہا،شہریوں کی جانب سے پانی نہ پہنچنے کی شکایات آئے روز بڑھتی جا رہی ہیں،تین روز کی سپلائی کے بعد شہر میں پانی کا بحران شدت اختیار کر سکتا ہے ۔ شہر کے سیاسی وسماجی حلقوں نے حلقہ کے ایم این اے ،ایم پی اے اور چیئرمین کنری سٹی سے استدعا کی ہے کہ آئندہ چند روز میں تحصیل کنری میں آنے والے پانی کے بحران پر قابو پانے کیلئے نبی سر نہر میں آلودہ پانی ڈالنے کے عمل کو رکوا کر فوری طور پر صاف پانی کی فراہمی کے لیے اقدامات کئے جائیں۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں