آلودگی میں کمی کیلئے شجر کاری مہم جاری رکھی جائے ،طحہٰ سلیم

 آلودگی میں کمی کیلئے شجر کاری مہم جاری رکھی جائے ،طحہٰ سلیم

کراچی(اسٹاف رپورٹر)ڈپٹی کمشنر ضلع وسطی طحہٰ سلیم نے آل پرائیویٹ اسکول مینجمنٹ ایسوسی ایشن سندھ اور ڈپٹی کمشنر ضلع وسطی کے اشتراک سے جاری Each one plants one مہم کے دوران بریلینٹ کیریئر گرامر اسکول نارتھ ناظم آباد میں پودا لگایا ۔

اس موقع پر چیئرمین آل پرائیویٹ اسکول مینجمنٹ ایسوسی ایشن سندھ سید طارق شاہ، وائس چیئرمین عتیق شمسی، صدر کراچی ریجن فرقان احمد ،سابقہ چیئرمین بلدیہ وسطی ریحان ہاشمی،اسا تزہ اور اسکول کے طلبہ و طالبات کی کثیر تعداد موجود تھی۔ڈپٹی کمشنر ضلع وسطی نے طلباء و طالبات سے شجرکاری کی اہمیت کے حوالے سے گفتگو کی اور مذکورہ شجرکاری مہم میں طلبہ و طالبات کی جانب سے پودے لگانے اور ان کی دیکھ بھال کرنے پر انہیں سراہا ۔ ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ اگر ہر شہری ایک پودا لگائے تو شہر میں ہر طرف ہریالی ہی ہریالی نظر آئے ۔ انہوں نے کہا کہ ماحولیاتی آلودگی کو کم سے کم کرنے اور ماحول کو سرسبز و شاداب رکھنے کے لئے مستقل طورشہر میں شجر کاری مہم جاری رکھی جائے ۔ اس موقع پر اسکول کے طلبہ و طالبات نے شجر کاری کے عنوان پر تقاریر کیں اور ٹیبلوز بھی پیش کیے ۔ واضح رہے کہ ڈپٹی کمشنر ضلع وسطی اورآل پرائیویٹ اسکول مینجمنٹ ایسوسی ایشن سندھ کے اشتراک سے جاری شجر کاری مہم Each One Plants One میں اب تک اسکولوں کے اطراف ،تقریباً 6 ہزار پودے لگائے جاچکے ہیں جبکہ 10 ہزار پودے لگانے کا ہدف رکھا گیا ہے۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں