مریم نواز کا سروسز ہسپتال کا اچانک دورہ، لاہور میں میڈیکل سٹی قائم کرنیکا فیصلہ

مریم نواز کا سروسز ہسپتال کا اچانک دورہ، لاہور میں میڈیکل سٹی قائم کرنیکا فیصلہ

لاہور(اپنے نامہ نگار سے)وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے آفس سے واپسی پر اچانک سروسز ہسپتال کا دورہ کیا۔ انہوں نے ایمرجنسی وارڈ کا تفصیلی معائنہ اور مریضوں کو دستیاب سہولتوں کی فراہمی کا جائزہ لیا اور مریضوں کے علاج کا مشاہدہ کیا۔

وزیراعلیٰ نے ایمرجنسی وارڈ میں مریضوں اور تیمارداروں سے ادویات کی دستیابی کے بارے میں پوچھا۔ وزیراعلیٰ نے سروسز ہسپتال میں انتظامات پر اطمینان کا اظہار کیا۔ مریم نواز نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا جناح اور میو ہسپتال میں ایکشن لینے سے ہسپتالوں کے حالات میں بہت بہتری آئی۔ سروسز ہسپتال سے خوش ہوکر جارہی ہوں، کسی نے نہیں کہا ادویات باہر سے لانی پڑیں۔مریم نواز نے کہا وزیراعلیٰ کا م نہیں کرے گا تو نیچے والے لوگ کیسے کام کریں گے ، آفس میں کرسی پر نہیں بیٹھ سکتی۔ وزیراعلیٰ کا کام ٹانگ پر ٹانگ رکھ کر بیٹھے رہنا نہیں۔علاوہ ازیں پنجاب کے سرکاری ہسپتالوں میں سٹیٹ آف دی آرٹ ریفرل سسٹم نافذ کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے ۔ وزیراعلیٰ مریم نواز نے ریفرل سسٹم کے نفاذ کیلئے جامع پلان طلب کر لیا ۔وزیراعلیٰ کی زیر صدارت خصوصی اجلاس ہوا جس میں ہیلتھ ریفارمز کا جائزہ لیا گیا ۔اجلاس میں فیصلہ کیا گیا ٹیکساس، جدہ، دوحہ کی طرز پر لاہور میں سٹیٹ آف دی آرٹ میڈیکل سٹی قائم کیا جائے گا۔وزیراعلیٰ نے میڈیکل سٹی کے لئے مناسب مقام پر اراضی مختص کرنے کی ہدایت کی۔اجلاس میں میڈیکل سٹی اتھارٹی کے قیام کی اصولی منظوری بھی دی گئی۔سرکاری ہسپتالوں سے متعلق امور کے لئے خصوصی ہیلپ لائن 999بھی قائم کی جائے گی۔دریں اثنائکاشتکاربھائیوں کے لئے حکومت پنجاب نے صوبہ سے گندم کی نقل و حمل کی باقاعدہ اجازت دے دی ۔ بین الصوبائی سرحدوں پر گندم کی آمدورفت پرروک ٹوک نہیں ہوگی۔وزیراعلیٰ مریم نواز نے گندم کے لئے ڈی ریگولیشن اورفری مارکیٹ پالیسی جاری کرنے کی منظوری دی ۔ پنجاب میں پہلی مرتبہ نجی سیکٹر کے ذریعے گندم خریداری کی جائے گی۔وزیراعلیٰ چیئرمین پی اینڈ ڈی نبیل اعوان کی رہائش گاہ بھی گئیں۔ انہوں نے نبیل اعوان اور اہل خانہ سے والدہ کے انتقال پر تعزیت کا اظہار کیا۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں