امن کیلئے کمیونٹیز کے درمیان تعاون بڑھانا چاہیے ،نوید انتھونی

امن کیلئے کمیونٹیز کے درمیان تعاون بڑھانا چاہیے ،نوید انتھونی

حیدرآباد (نمائندہ دنیا )کرسچن اسٹڈی سینٹر(سی ایس سی)نے سندھ اور بلوچستان کی پارٹنر تنظیموں کے اشتراک سے حیدرآباد کے مقامی ہوٹل میں ‘‘امن اور ہم آہنگی کے کلچر کو فروغ دینے ’’ کے موضوع پر دو روزہ اسمبلی کا انعقاد کیا۔۔

جس میں سندھ اسمبلی کے ڈپٹی اسپیکر نوید انتھونی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ امن کی حمایت کے لیے کمیونٹیز کے درمیان بات چیت اور تعاون کو بڑھانا چاہیے ۔انہوں نے مختلف پس منظر سے تعلق رکھنے والے لوگوں کو اکٹھا کرنے کے لیے کرسچن اسٹڈی سینٹر کی کوششوں کو سراہا اور حکومت کی جانب سے ایسے اقدامات کی حمایت کے عزم کا اظہار کیا۔ پارلیمانی سیکرٹری برائے اقلیتی امور بلوچستان سنجے کمار نے اپنے خطاب میں اقلیتوں کے حقوق کے تحفظ کی اہمیت پر روشنی ڈالی۔ انہوں نے شرکاء پر زور دیا کہ وہ مختلف برادریوں اور مذہبی گروہوں کے درمیان ہم آہنگی کے لیے اپنی کوششیں جاری رکھیں۔پاکستان میں امن کے قیام میں خواتین کے کردار پر بات کرتے ہوئے ثنا درانی نے اس بات پر زور دیا کہ کس طرح خواتین نے پاکستانی معاشرے میں امن اور بھائی چارے کو فروغ دینے میں تاریخی کردار ادا کیا ہے ۔انہوں نے تمام سطحوں پر تنازعات کے حل اور سماجی ہم آہنگی میں خواتین کے تعاون کو زیادہ سے زیادہ تسلیم کرنے پر زور دیا۔ اسمبلی میں امن و امان، ثقافتی ورثہ اور سماجی ہم آہنگی سے متعلق مختلف موضوعات پر تفصیلی اجلاس منعقد ہوئے۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں