سکھر :سرکاری دفاتر کے باہر نکاسی آب کا نظام درست نہ ہوسکا

سکھر :سرکاری دفاتر کے باہر نکاسی آب کا نظام درست نہ ہوسکا

سکھر (بیورو رپورٹ) سرکاری دفاتر پر مشتمل عمارت کے باہر نکاسی آب کا نظام درست نہ ہوسکا،گیٹ کے سامنے گندا پانی جمع ،سرکاری ملازمین سمیت شہریوں کو پریشانی کا سامنا ہے ۔

تفصیلات کے مطابق سکھر انتظامیہ، سکھر میونسپل کارپوریشن، سندھ سالڈ ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کے افسران سمیت منتخب و بلدیاتی نمائندگان کی ناقص کارکردگی کی بدولت سندھ کی تیسرے بڑے شہر سکھر میں نکاسی آب کا نظام درست ہونے کے بجائے مزید خراب ہوتا جارہا ہے ، شہر میں ڈرینج سسٹم ناکارہ ہو جانے کی وجہ سے نالیوں اور گٹروں کا پانی سڑکوں پر جمع ہونا کوئی نئی بات نہیں ہے ، اب تو شہر میں قائم سرکاری دفاتر کے باہر بھی نکاسی آب کا نظام مفلوج ہوتا دکھائی دیتا ہے ۔ ڈپٹی کمشنر سکھر کے دفتر اور لا کالج کے قریب قائم سرکاری دفاتر پر مشتمل عمارت جہاں دارالامان سمیت ڈائریکٹوریٹ انفارمیشن، ہیلتھ، ایجوکیشن،پرائیویٹ اسکولز و دیگر شامل عمارتیں موجود ہیں وہاں مرکزی گیٹ پر ڈرینج کاجمع پانی نکالا نہیں جا سکا ہے جبکہ نکاسی آب کا نظام تباہ ہونے کی وجہ سے گندا پانی تالاب کا منظر پیش کر رہا ہے ۔ گندا پانی جمع ہونے کی وجہ سے دفتری ملازمین سمیت شہریوں کو مشکلات اٹھانا پڑی رہی ہے ۔ شہری و سماجی حلقوں نے اس حوالے سے سکھر انتظامیہ بالخصوص عوامی نمائندگان کو سخت تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے حکام بالا سے نوٹس لیکر شہریوں کو بلدیاتی سہولتیں فراہم کرنے کا مطالبہ کیا ہے ۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں