سیشن جج کا اسکولز کادورہ،ایس ایم سی فنڈز کی تفصیلات طلب

 سیشن جج کا اسکولز کادورہ،ایس ایم سی فنڈز کی تفصیلات طلب

کنری(نمائندہ دنیا)ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج عمرکوٹ نے مختلف اسکولوں کا دورہ کیا اور طلبہ کو درپیش مسائل کا جائزہ لیا۔تفصیلات کے مطابق ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج عمرکوٹ عبدالقدوس میمن نے عمرکوٹ شہر کے ہائی اسکول نمبر 2 اور کولہی ڈرو اسکول کا اچانک دورہ کیا۔

اس موقع پر ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج عمرکوٹ عبدالقدوس میمن نے اسکولوں کے طلبہ سے سوال و جواب کیے ،اس دوران انہوں نے جاری کلاسز کے دوران طلبہ کے ساتھ ڈیسک پر بیٹھ کر اساتذہ کی طرف سے دیے گئے لیکچر کا بھی جائزہ لیا۔ سیشن جج عمرکوٹ نے اسکول کے ہیڈ ماسٹر کو ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ اسکولوں میں وقت کی پابندی کے ساتھ اساتذہ اور طلبہ کی حاضری سمیت صفائی ستھرائی کے نظام کو یقینی بنایا جائے ۔انہوں نے کہا کہ تعلیم ہر بچے کا بنیادی حق ہے اور سرکاری اسکولوں میں تعلیم کے نظام کو بہتر کیا جائے ، تاکہ طالبعلم تعلیم جیسے زیور سے آراستہ ہو کر ملک وقوم کی بہتر خدمت کر سکیں۔ اس موقع پر انہوں نے طلبہ سے سوال کیا کہ کیا آپ کو تمام درسی کتابیں مل گئی ہیں۔ انہوں نے اسکول کی عمارت کی مرمت اور اسکولوں کو ملنے والے ایس ایم سی فنڈز کے استعمال کے بارے میں بھی معلومات طلب کیں۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں