میہڑ میں بیوپاری کے گھر پر 13لاکھ روپے کی ڈکیتی
میہڑ،اندرون سندھ(نمائندگان دنیا)میہڑ میں وارداتوں کا سلسلہ تھم نہ سکا، دن دہاڑے گھر میں لاکھوں روپے کی ڈکیتی کی واردات ہوگئی ۔
اطلاعات کے مطابق میہڑ کے گاؤں سیندھل مہیسر کی حاجن شاہ کالونی میں 4 کار سوار ڈکیتوں نے بیوپاری پہلوان کھوسو کے گھر میں داخل ہو کر اسلحہ کے زور پر اہل خانہ کو یرغمال بنا تے ہوئے کمرے میں بند کر دیا اور گھر سے 13 لاکھ روپے نقدی ، سونے کے زیورات ، 3 موبائل فونز ، قیمتی سامان لیکر بآ سانی فرار ہوگئے ،بعدازاں اہل خانہ کی چیخ و پکار پر علاقہ مکینوں نے پہنچ کر انہیں کمرے سے باہر نکالا۔ واردات کی اطلاع پر بڑی تعداد میں شہری اور مکین جائے وقوعہ پر پہنچے ۔ واقعہ کا مقدمہ درج کرلیا گیا۔ محراب پور میں ڈکیتی کے دوران مزاحمت پر نوجوان کو فائرنگ کرکے زخمی کردیا گیا۔اطلاعات کے مطابق سدوجا تھانہ کی حدود میں قومی شاہراہ پر تاج ہوٹل کے پاس رہزنوں نے موٹر سائیکل چھیننے کی واردات کے دوران مزاحمت کرنے پر محرم کو گولی مار کر زخمی کر دیا اور فرار ہوگئے ، زخمی کو اسپتال منتقل کر دیاگیا ۔ ادھر نوشہرو فیروز تھانہ کی حدود نانگو شاہ موری اسٹاپ پر گاڑی کی ٹکر سے نوجوان زخمی ہو گیا جسے اسپتال منتقل کر دیاگیا ۔ پولیس کے مطابق نوجوان کی شناخت نہیں ہوسکی ، پولیس مزید تفتیش کر رہی ہے ۔علاوہ ازیں پولیس چوکی پر مبینہ حملے ، پولیس کانسٹیبل پر تشدد کے معاملہ پر 26 نامزد اور 124 نامعلوم سمیت 150 افراد کے خلاف مقدمہ درج کرلیاگیا۔