انسداد دہشت گردی:سی ٹی ڈی میں فیوژن سینٹر کا افتتاح
کراچی (اسٹاف رپورٹر)سندھ میں انسداد دہشتگردی کوششوں کو مؤثر بنانے کی جانب اہم قدم،وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے سندھ پولیس کے کاؤنٹر ٹیرر ازم ڈپارٹمنٹ میں جدید ترین فیوژن سینٹر کا افتتاح کردیا ۔
فیوژن سینٹر نیشنل ریڈیو اینڈ ٹیلی کمیونی کیشن کارپوریشن (این آر ٹی سی )نے قائم کیا ہے اور جدید ٹیکنالوجی اور انفرا اسٹرکچر سے لیس ہے جس سے سی ٹی ڈی کی انسداد دہشتگردی صلاحیتیں مزید بہتر ہوں گی۔ وزیراعلیٰ نے بتایا کہ فیوژن سینٹر کی آپریشنل اور ترقیاتی ضروریات کیلئے مالی سال 24-2023 کے بجٹ میں 72 کروڑ 20 لاکھ روپے مختص کیے گئے ہیں۔ سینٹر کے ذریعے سی ٹی ڈی معلومات کے تبادلے کو بہتر بنائے گی اور دہشتگردی کے مقدمات کی سائنسی بنیادوں پر تحقیق اور دیگر سرکاری امور انجام دینے کے قابل ہوگی۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ حکومت نے سندھ پولیس کو جدید تربیت، ٹرانسپورٹ کی فراہمی، بجٹ میں اضافے اور ضروری آلات کی فراہمی کے ذریعے مضبوط کیا ہے ، اب یہ پولیس کی ذمہ داری ہے کہ وہ صوبے کے عوام کی جان و مال اور شہری آزادیوں کی حفاظت کرے ۔