بولٹن مارکیٹ:کاسمیٹکس کی دکانوں میں آگ لگ گئی،لاکھوں کا سامان خاکستر
کراچی (اسٹاف رپورٹر)کراچی کے علاقے بولٹن مارکیٹ میں کاسمیٹکس کی دس سے زائد دکانوں میں آگ لگ گئی، کے ایم سی کے تین جبکہ ریسکیو 1122 سندھ کے دو فائر ٹینڈرز نے موقع پر پہنچ کر آگ بجھائی ۔
متاثرہ دکانداروں کے مطابق آگ مارکیٹ میں قائم سگریٹ فروخت کرنے والی دکان میں رکھے گیس لائٹر پھٹنے سے لگی جس نے اطراف میں موجود کاسمیٹکس کا سامان فروخت کرنے والی دکانوں کو اپنی لپیٹ میں لیا تاہم ایک گھنٹے کی مسلسل جدو جہد کے بعد مجموعی طور پر پانچ فائر ٹینڈرز کی مدد سے آگ بجھا کر کولنگ شروع کردی گئی ۔ فائر بریگیڈ حکام کے مطابق آتشزدگی سے لاکھوں روپے مالیت کا سامان جل کر خاکستر ہو گیا جبکہ آگ لگنے کی حتمی وجوہات جاننے کیلئے تحقیقات کی جارہی ہیں۔