بیرونی مداخلت کسی صورت برداشت نہیں کرینگے،شاداب رضا
کراچی (اسٹاف رپورٹر)سربراہ پاکستان سنی تحریک شاداب رضا نقشبندی نے کہا ہے کہ ملک کے اندرونی معاملات میں کسی بھی بیرونی مداخلت کو برداشت نہیں کرینگے ،ملک کی خود مختاری ،سلامتی واستحکام کیلئے کسی قربانی سے دریغ نہیں کرینگے۔
حالات چاہے جو بھی ہوں ملک سے محبت اور وفا کو کوئی ہمارے دلوں سے نکال نہیں سکتا ،پاکستان بنانے والے ہی ملک چلاتے تو آج معاشی طور پر ملک غیر مستحکم نہیں ہوتا ،محب وطن بانیان پاکستان کی اولادوں کو آگے آنے دیا جائے ،ملک وعوام سے محبت کرنے اور ملکی سلامتی کیلئے تن من دھن قربان کرنے والوں کوآگے لایا جائے ،سیاست اور جمہوریت بلاتفریق رنگ ونسل حقو ق فراہم کرنے نفرتوں کو ختم اور محبتوں کو عام کرنے کا پیغام دیتی ہے ،موجودہ سیاست اور جمہوریت عوامی خدمت ملکی استحکام کی بجائے اقتدار کی جنگ میں مصروف ہیں ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے مرکز اہلسنت سے جاری ایک بیان میں کیا۔شاداب رضا نقشبندی کا کہنا تھا کہ قومی اداروں کا احترام کرنا ہر محب وطن پاکستانی کی قومی وملی اور آئینی وجمہوری فرض ہے ،ملک کے تمام ادارے آئینی حدود میں رہ کر کام کریں تو معاشی عدم استحکام جلد ختم ہوجائیگا ۔شاداب رضا نقشبندی نے مزید کہا کہ پاکستان آج مشکل اور آزمائش کے دور سے گزر رہا ہے ،ملک میں اخلاقیات و معاشیات کا بحران ہے ،حکمران ،اپوزیشن اور ملک کی مذہبی وسیاسی تمام اکائیوں چاہیے وہ ملک کے استحکام کیلئے کردار ادا کریں۔