ٹینکر مافیا کیخلاف ایکشن،پانی چوری پر15لاکھ تک جرمانہ
کراچی (اسٹاف رپورٹر)پانی مافیا کے خلاف کراچی واٹر کارپوریشن کا ایک اور بڑا اقدام سامنے آگیا ہے ۔حب کینال سے چوری کا پانی کراچی لانے والے ٹینکرز پر بھاری جرمانے عائد کئے جائیں گے ۔
واٹر کارپوریشن کے حکام کے مطابق چوری کا پانی بیچنے والے واٹر ٹینکرز پر لاکھوں روپے کے جرمانے عائد کئے جائیں گے ۔کم سے کم ایک ہزار گیلن والے ٹینکر سے 3 لاکھ 50ہزار روپے جرمانہ وصول کیا جائے گا ۔دو ہزار گیلن والے ٹینکر سے 5لاکھ روپے جرمانہ لیاجائے ہوگا ۔تین ہزار گیلن والے ٹینکر سے ساڑھے سات لاکھ، پانچ ہزار گیلن والے ٹینکر سے دس لاکھ روپے جرمانہ لیا جائے گا جبکہ دس ہزار گیلن والے ٹینکر سے 15لاکھ روپے جرمانہ وصول کیا جائے گا ۔ حکام واٹر کارپوریشن کا کہنا ہے کہ بھاری جرمانے عائد کرنے کا فیصلہ پانی مافیا کے خاتمے کے لئے کیا گیا ہے ، پانی مافیا کے خلاف بھرپور کارروائی کے لئے واٹر کارپوریشن متحرک ہے ۔