سندھ فوڈ اتھارٹی کی کورنگی میں کارروائی، 9پکوان سینٹرز پر بھاری جرمانہ
کراچی(اسٹاف رپورٹر)سندھ فوڈ اتھارٹی نے کورنگی میں غیر معیاری اور مضر صحت پکوان فراہم کرنے والے 9 پکوان سینٹرز کے خلاف بڑی کارروائی کی۔
اس کارروائی کے دوران مجموعی طور پر ان مراکز پر 5لاکھ 70 ہزار روپے کا بھاری جرمانہ عائد کیا گیا۔ ڈپٹی ڈائریکٹر کورنگی فہد بلوچ اور فوڈ سیفٹی آفیسر خدیجہ سرفراز کی سربراہی میں سندھ فوڈ اتھارٹی کی ٹیم نے مختلف مراکز کا معائنہ کیا، جس کے دوران ناقص انتظامات پر تین پکوان سینٹرز کی پیداوار کو فوری طور پر روک دیا گیا۔ چیکنگ کے دوران کچھ مراکز میں ممنوعہ چائنیز نمک (ایم ایس جی) کا استعمال پایا گیا جو کہ مضر صحت ہے ۔ مزید برآںکارروائی کے دوران پکوان سینٹرزمیں فریزرز کی خستہ حالت اور کراس کنٹامینیشن کے مسائل سامنے آئے ، جس پر ٹیم نے سخت کارروائی کی ہدایت جاری کی۔ ڈائریکٹر جنرل (ڈی جی )سندھ فوڈ اتھارٹی مزمل حسین ہالیپوٹو نے کہا کہ عوام کے تحفظ کے لئے فوڈ سیفٹی کے اصولوں پر سختی سے عمل درآمد کروانا ضروری ہے اور غیر معیاری کھانے پینے کی اشیاء فراہم کرنے والوں کے خلاف کاروائیاں جاری رہیں گی۔