دریائے سندھ سے کینال کی ضد غیر آئینی ،کاشف شیخ
کراچی(اسٹاف رپورٹر)امیر جماعت اسلامی سندھ کاشف سعید شیخ سے صوبائی دفتر قباآڈیٹوریم میں جے یو آئی سندھ کے رہنماؤں قاری محمد عثمان اور مولانا محمد صالح انڈھڑ کی زیر قیادت وفد نے ملاقات کی۔۔۔
وفد نے جمعیت علماء اسلام صوبہ سندھ کے تحت 21 نومبر کو کراچی میں دریائے سندھ کے پانی پرڈاکہ اوربدامنی کی صورتحال پر کراچی میں ہونے والی کل جماعتی کانفرنس میں شرکت کی دعوت دی۔وفد میں ڈپٹی جنرل سیکرٹری عبدالمالک تالپور،صوبائی سالارسلیم سندھی،رفیق احمد سومرو و دیگر شامل تھے ۔ جبکہ جماعت اسلامی سندھ کے رہنما حافظ نصراللہ عزیز، علامہ حزب ا للہ جکھرو اورسیکرٹری اطلاعات مجاہدچنا بھی ساتھ موجود تھے ۔ کاشف شیخ نے کہاکہ سندھ اسمبلی کی مخالفت میں قرارداد منظورہونے کے باوجود چولستان سمیت دریائے سندھ سے 6کینال نکالنے کی وفاق کی ضدآئین کی خلاف ورزی ہے ،سندھ سے نکلنے والی گیس ،پٹرول اورکوئلے پرپہلا حق سندھ کا ہے ،سندھ کی گیس سے دوسرے صوبے کارخانے چلائیں اورسندھ میں گھروں کے چولہے ٹھنڈے ہوں یہ آئین وانصاف کی خلاف ورزی ہے ، یہاں سے محرومیاں اورنفرتیں بڑھتی ہیں۔اسلام آباد کے محلات اوربندقلعوں میں بیٹھے ہوئے لوگوں کو اس پرضرور غورکرنا ہوگا۔انہوں نے کہاکہ پیپلزپارٹی کو بھی این ایف سی ایوارڈ پراپنا دہرا معیار ختم کرنا ہوگا۔سندھ میں بدامنی ولاقانونیت نے عوام کی زندگی اجیرن بناکررکھ دی ہے ۔صرف شہرکراچی میں ڈکیتی مزاحمت پر100سے زائدافراد قتل کئے گئے ،دوسری جانب وزیرداخلہ وآئی جی سندھ اسٹریٹ کرائم کے خاتمے اورامن وامان کی بہتری کے دعوے سندھ حکومت کے منہ پرطمانچہ ہے ۔