نشے کے عادی افراد نے کیس پراپرٹی پستول چوری کرلیا
کراچی (اسٹاف رپورٹر)نیو کراچی تھانے میں نشے کے عادی افراد صفائی کرنے کے بہانے تفتیشی افسر کے کمرے سے کیس پراپرٹی پستول چوری کرکے لے گئے ۔۔
علاقہ مکینوں نے چوری کرنے والوں کو پکڑ کر پولیس کے حوالے کردیا۔تفصیلات کے مطابق نشے کے عادی افراد نیو کراچی تھانے سے کیس پراپرٹی پستول چوری کرکے فرار ہوئے تھے نیو کراچی سیکٹر فائیوڈی میں علاقہ مکینوں نے دونوں کچرا چننے والے دونوں افراد کو پکڑا اور کچرے کی تلاشی کے دوران بوری سے پستول نکلا تو چوری کا انکشاف ہوا اور بوری سے ملنے والا پستول گولیوں سے بھرا ہوا تھا علاقہ مکینوں کے مطابق جب انہوں نے پکڑے گئے نشے کے عادی افراد سے پوچھ گچھ کی تو انہوں نے اس بات کا انکشاف کیا کہ نیو کراچی تھانے میں پولیس اہلکار انہیں صفائی کرانے کے لئے لیکر گئے تھے جہاں انہوں نے تفتیشی افسر کے کمرے سے پستول چوری کرکے بورے میں ڈال دیا پولیس کے مطابق تفتیشی افسر کسی کام سے باہر گیا تو ملزمان کمرے میں گئے ٹیبل پر کیس پراپرٹی ناجائز اسلحہ اٹھایا اور بوری میں ڈال کر لے گئے ، علاقہ مکینوں نے دونوں ملزمان کو نیو کراچی تھانے کے حوالے کردیا جہاں ملزمان سے مزید تفتیش کی جارہی ہے جبکہ دوسری جانب آئی جی سندھ واقعہ سامنے آنے کے بعد غفلت برتنے پر ایس ایچ او نیو کراچی نواز گوندل کو معطل کرکے گارڈن بلیک کمپنی بھیجنے کے احکامات جاری کئے ہیں ۔