خلاف قانون گاڑیوں کی منتقلی کیلئے رشوت وصولی کاانکشاف

خلاف قانون گاڑیوں کی منتقلی کیلئے رشوت وصولی کاانکشاف

کراچی (اسٹاف رپورٹر)محکمہ ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن کے موٹر رجسٹریشن ونگ میں رشوت وصولی کے بعد خلاف قانون گاڑیوں کی ملکیت تبدیلی کا کام زور پکڑ گیا ہے ۔محکمہ اینٹی کرپشن نے تحقیقات کا آغاز کرتے ہوئے۔۔

 ای ٹی او اخلاق بگھیو کو ریکارڈ سمیت طلب کرلیا ہے ۔ ذرائع کا دعویٰ ہے کہ تحقیقات میں نامزد مرکزی کردار نے خود کو کارروائی سے بچانے کیلئے اینٹی کرپشن انکوائری افسر پر مختلف طریقوں سے دبائو ڈلوانا شروع کردیا ہے ۔دنیا نیوز کو موصول سرکاری دستاویزات کے مطابق شہری محمد نواز کی درخواست پر محکمہ اینٹی کرپشن نے ایک انکوائری کا آغاز کیا ہے ۔متاثرہ شہری کا کہنا ہے کہ گاڑی کی ملکیت ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن آفیسر اخلاق بگھیو نے رشوت وصول کرکے تبدیل کی ہے اس کے خلاف سخت قانونی کارروائی کی جائے جس کے بعد محکمہ اینٹی کرپشن حکام نے ای ٹی او اخلاق بگھیو کو ریکارڈ کے ساتھ طلب کرلیا ہے ۔متاثرہ شہری کا یہ بھی کہنا ہے کہ سیف کسٹڈی میں رکھی گئی گاڑی کی فائل کا ٹرانسفر نہیں ہوسکتا ۔ذرائع کا کہنا ہے کہ انکوائری افسر پر تحقیقات رکوانے کیلئے کئی طریقوں سے دبائو دیا جارہا ہے لیکن محکمہ اینٹی کرپشن نے تحقیقات تیزی سے جاری رکھی ہوئی ہیں ۔دوسری جانب محکمہ ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن موٹر رجسٹریشن ونگ کے حکام نے رشوت لیکر گاڑیوں کی ملکیت میں تبدیلی کی بات کو بالکل غلط قرار دیا ہے حکام کا کہنا ہے کہ اینٹی کرپشن تحقیقات کرے مکمل تعاون کیا جائے گا۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں