جدیدیت کے نام پر بے حیائی ،فحاشی کو فروغ دیاجارہا،مقررین
کراچی(سٹی ڈیسک)سائیگاؤں ویلفیئر ایسوسی ایشن شعبہ خواتین کے زیر اہتمام سیرت النبی ؐ کانفرنس مقامی ہال میں منعقدکی گئی،جس میں مختلف شعبوں کی خواتین اور طالبات نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔
اس موقع پر معروف اسلامی اسکالر شمائلہ انصاری ،یاسمین کھتری اور دیگر نے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ عشق رسول ؐ کا تقاضا ہے کہ خواتین اپنی زندگیوں کو آقائے دو جہاں ؐ کی تعلیمات کے مطابق سنواریں اور اس میں نکھار پیدا کریں ۔ ہر چیز پر اتباع رسول ؐ کو مقدم رکھیں جس کے نتیجے میں دنیا وآخرت میں سرخرو ہوسکیں ۔انہوں نے مزید کہاکہ جدیدیت کے نام بے حیائی اور فحاشی کو فروغ دیاجارہاہے ،مغربی تہذیب اور کلچر کو پروان چڑھایا جارہاہے ،جس کے باعث معاشرے میں ایک بے چینی اور بے سکونی پائی جاتی ہے ۔رب کی خوشنودی کیلئے معمولی گلے شکوہ دور کرکے آپس میں محبتوں کو بانٹنا ہوگا،نفرتوں کو دل سے نکالنا ہوگا۔ بندگی رب کا تقاضا ہے کہ زندگی کے ہر شعبے میں اللہ اور اس کے رسول ؐ کے بتائے ہوئے اصولوں پر سختی کے ساتھ کاربند رہا جائے ۔ یہ روشنی کے مینار ہیں جس کے ذریعے غیر منصفانہ نظام کوشکست اور عادلانہ نظام کے قیام کیلئے کوششوں کو تقویت مل سکتی ہے ۔ کانفرنس میں سائیگاؤں شعبہ خواتین کی سربراہ عائشہ شاہ ،پروگرام کی منتظم سحرش افتخار،نصرت شاہ ،پروین عرفان ، شبانہ ودیگر بھی موجود تھیں۔