ٹیکس کے نظام میں بہتر ی سے آمدنی میں اضافہ ہوا،میئر
کراچی (اسٹاف رپورٹر)میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب سے امریکا کی پرنسپل ڈپٹی اسسٹنٹ سیکریٹری آف اسٹیٹ الزبتھ ہورسٹ اور قونصل جنرل Scott Urbom نے بلدیہ عظمیٰ کراچی کے صدر دفتر میں ملاقات کی اور باہمی دلچسپی کے امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا۔
میئر کراچی نے امریکی وفد کو کراچی کی تاریخی حیثیت اور عمارات سے متعلق آگاہ کیا اور بتایا کہ کراچی میں ٹیکس کے نظام کو بہتر اور شفاف کیا ہے جس سے آمدنی میں اضافہ ہوا ۔انہوں نے مزید کہاکہ کراچی پاکستان کا معاشی، صنعتی، تجارتی اور فنانشل حب ہے ، پبلک پرائیویٹ پارٹنر شپ کے تحت کچی آبادیوں میں پروجیکٹ بنائے جاسکتے ہیں،حکومت سندھ نے پانی و سیوریج کی پرانی لائنوں کو تبدیل کرنے کے لئے مالی مدد فراہم کی ہے ۔میئر کراچی نے کہا کہ وقت گزرنے کے ساتھ کراچی کی آبادی میں مسلسل اضافہ ہوا ہے ، کراچی کو دنیا کے تمام بڑے میٹروپولیٹن شہروں کی طرح متعدد چیلنجز کا سامنا ہے ،ترجیحی مسائل میں فراہمی و نکاسی آب، صحت و صفائی اور انفرااسٹرکچر کی ترقی شامل ہے جن کے حل پر موجودہ حکومت بھرپور توجہ دے رہی ہے اور کراچی کے مختلف اضلاع میں ترقیاتی کاموں کا سلسلہ جاری ہے ۔انہوں نے کہاکہ بلدیہ عظمیٰ کراچی کو مستحکم ادارہ بنانے کی بھرپور کوشش کررہے ہیں ، تاکہ شہریوں کو بہتر اور معیاری بلدیاتی سہولیات فراہم کی جاسکیں۔بعدازاں الزبتھ ہورسٹ اور Scott Urbom کو میئر کراچی نے کے ایم سی کی یادگاری شیلڈ پیش کی۔