حکومت صنعتی علاقوں کے مسائل حل کرنے کیلئے کوشاں،کمشنر

 حکومت صنعتی علاقوں کے مسائل حل کرنے کیلئے کوشاں،کمشنر

کراچی (اسٹاف رپورٹر)کمشنر کراچی سید حسن نقوی نے کہا ہے کہ حکومت کراچی میں واقع صنعتی علاقوں کے شہری مسائل کے حل کے لئے ترجیحی کوششیں کررہی ہے ، وہ شہر میں واقع تمام صنعتی علاقوں کا دورہ کر کے ان کے شہری مسائل کا جائزہ لیں گے اور ان کے حل کے لئے اقدامات کریں گے ۔

 کورنگی ایسو سی ایشن آف ٹریڈ انڈسٹریز کے عہدیداروں کے ہمراہ کورنگی صنعتی علاقوں کے دورے اور ایسوسی ایشن کے دفتر میں صنعتکاروں سے خطاب کر تے ہوے انہوں نے مزید کہا کہ صنعتی علاقوں کی ترقی اور شہری مسائل کا حل حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے ،صنعتکاروں کے مسائل کے حل کے لئے صنعتکاروں کی مشاورت سے ترجیحی اقدامات کئے جائیں گے ۔اس موقع پر ڈپٹی کمشنر کورنگی مسعود بھٹو، ایسوسی ایشن کے صدر جنید نقی، سابق صدر مسعو نقی اور ڈپٹی پیٹرن آف چیف زبیر چھایا بھی موجود تھے ۔ کمشنر نے کورنگی صنعتی علاقے کی ان شاہراہوں اور علاقوں کا دورہ کیا جہاں سٹرکوں کی مرمت تجاوزات اور ٹریفک مسائل سمیت مختلف شہری مسائل کے حل کی کوششوں کی ضرورت ہے ۔انہوں نے کہا کہ صنعتکار ملک کی معیشت کی ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتے ہیں انہیں ہرممکنہ سہولت فراہم کی جائے گی ۔انہوں نے یقین دہانی کرائی کہ کورنگی اور دیگر صنعتکاروں کو درپیش پارکنگ، ایڈ ورٹائزنگ ٹیکس ،ٹریڈ ٹیکس اور لینڈ یوٹیلائزیشن سمیت ٹیکس کی ادائیگی میں دشواریوں کو دور کیا جائے گا۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں