ٹریفک مسائل کے حل کیلئے کوشاں ہیں ،شرجیل انعام میمن

ٹریفک مسائل کے حل کیلئے کوشاں ہیں ،شرجیل انعام میمن

کراچی(اسٹاف رپورٹر)سندھ کے سینئر وزیر شرجیل انعام میمن نے کہا ہے کہ حکومت سندھ اس وقت کراچی میں ٹریفک کے مسائل کے حل کیلئے کوشاں ہے۔

پچھلے چالیس سالوں سے کراچی شہر میں جو غیر قانونی بس اڈے چل رہے تھے وہ ختم کر دیے گئے ہیں اور تمام بس اڈوں کو کراچی شہر سے باہر کراچی بس ٹرمینل کی طرف منتقل کر دیا گیا ہے ،کراچی شہر میں لاکھوں شہریوں کو سفری سہولت فراہم کرنے کیلئے جدید ترین ریڈ لائن اور یلو لائن بی آر ٹی پر کام چل رہا ہے ، دسمبر 2024 کے آخر میں گرین لائن سروس بھی حکومت سندھ کے حوالے کی جائے گی۔ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے سندھ کے سینئر وزیر اور صوبائی وزیر اطلاعات شرجیل انعام میمن نے کہا کہ سندھ بھر میں محکمہ ایکسائز کی جانب سے غیر رجسٹرڈ اور ٹیکس نادہندہ گاڑیوں کی چیکنگ کی مہم جاری ہے ، محکمہ ایکسائز کی جانب صرف نومبر کے مہینے میں یکم نومبر سے آج تک 22 ہزار 103 گاڑیوں کی چیکنگ کی گئی، جن میں 115 سے گاڑیاں غیر رجسٹرڈ جبکہ 1304 گاڑیاں ٹیکس نادہندہ تھیں ، جن کو تحویل میں لیا گیا۔ 1472 گاڑیوں کی کاغذات ضبط کر لئے گئے ، ٹیکس نادہندہ گاڑیوں سے ایک کروڑ 65 ہزار ٹیکس وصول کیا گیا جبکہ ان پر 8 لاکھ 73 کے جرمانے بھی عائد کئے گئے ، مجموعی طور پر ان سے ایک کروڑ 9 لاکھ 38 ہزار روپے ٹیکس اکٹھا کیا گیا۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں