لاڑکانہ میں فائرنگ سے کریانہ کی دکان کا مالک جاں بحق

لاڑکانہ میں فائرنگ سے کریانہ کی دکان کا مالک جاں بحق

لاڑکانہ(بیورورپورٹ)لاڑکانہ شہر کے تھانہ دڑی کی حدود باقرانی روڈ میں نامعلوم موٹرسائیکل سوار مسلح افراد نے فائرنگ کرکے کریانہ کی دکان کے مالک 45 سالہ مختار میمن کو فائرنگ کرکے قتل کردیا اور فرار ہوگئے ۔

 ا مقتول کے ورثاء نے بتایا کہ ہماری کسی سے کوئی دشمنی نہیں ہے ، ہفتے کی صبح مختار میمن اپنی دکان کی صفائی کر رہا تھا کہ مسلح افراد نے قتل کرکے فرار ہوگئے۔ لاڑکانہ کے چانڈکا اسپتال میں 55 سالہ شخص دوران علاج دم توڑ گیا جس کی شناخت نہ ہونے پر لاش ایدھی سینٹر انتظامیہ کے حوالے کردی گئی۔ محراب پور کے بھریا سٹی تھانہ کی حدود گاؤں سوبھو خان بروہی کے رہائشی 21 سالہ سجاد علی بروہی کی مسخ شدہ لاش گاؤں کے قریب سے گنے کی فصل سے برآمد ہوئی ، مقتول کے والد جمعہ خان بروہی کے مطابق بیٹا دو ماہ سے لاپتہ تھا جسے ہر جگہ تلاش کیا مگر نہیں ملا اور ہفتے کو اس کی لاش گنے کی فصل سے ملی ہے ۔علاوہ ازیں  دریا خان مری تھانے کی حدود میں مہران ہائی وے پر رہزنوں نے نوجوان واجد علی کھوکھر سے موٹر سائیکل چھیننے کی کوشش کی اور مزاحمت پر گولی مار کر زخمی کردیا جب کہ ملزمان موٹر سائیکل، نقدی اور موبائل فون بھی لیکر فرار ہو گئے۔کندھکوٹ شہر کے گنجان علاقے اعوان بازار میں ہندو بیوپاری نامو مل کی کھلونوں کی دکان پر دن دہاڑے مسلح افراد نے سیدھے فائر مارے ، گولیاں لگنے سے دکان کا ملازم مظہر علی بھٹو اور گاہک عمران جوگی زخمی ہو گئے۔ 

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں