حیدر آباد میں 5تھانوں کی مرمت،تزئین وآرائش کاآغاز

حیدر آباد میں 5تھانوں کی مرمت،تزئین وآرائش کاآغاز

حیدر آباد(نمائندہ دنیا)ڈی آئی جی پی حیدرآباد رینج نے حیدرآباد کے پہلے تھانہ بی سیکشن کی مرمت، تزئین و آرائش کا افتتاح کردیا۔

ایس ایس پی حیدرآباد ڈاکٹر فرخ علی کی تعیناتی کے دوران حیدرآباد پولیس کی ترقی، نفری میں خاطر خواہ اضافہ، فلاح و بہبود کے علاہ حیدرآباد کے تھانہ جات کی مرمت، تزئین و آرائش کا آغاز بھی کردیا گیا۔ اس ضمن میں مرحلے وار کام کا آغاز کیا گیا، پہلے مرحلے میں 5 تھانوں بی سیکشن، قاسم آباد، حالی روڈ، مارکیٹ اور تھانہ ٹنڈویوسف کی مرمت ،تزئین و آرائش کے کام کا آغاز کیا گیا ہے ، 5 تھانہ جات میں سب سے پہلے تھانہ بی سیکشن کی مرمت، تزئین و آرائش کا کام مکمل کرلیا گیا جس کا افتتاح ڈی آئی جی پولیس حیدرآباد طارق رزاق دھاریجو نے ایس ایس پی حیدرآباد ڈاکٹر فرخ علی کے ہمراہ کیا۔اس موقع پر ڈی آئی جی پی حیدرآباد رینج نے کہا کہ ایس ایس پی حیدرآباد ڈاکٹر فرخ علی کا یہ اقدام قابل ستائش ہے ، تھانہ پولیس کا چہرہ ہے جو ہمیشہ صاف ستھرا اور پرکشش ہونا چاہیے ، جس طرح ہم تھانے کی مرمت تزئین و آرائش کا کام کررہے ہیں ، اسی طرح ہمیں عوامی خدمات میں اپنے رویوں میں بھی مثبت تبدیلی لانی ہوگی، شہریوں کی مشکلات پریشانیوں کو بغور سنا جائے اور ان پر ہرممکن عملدرآمد کو یقینی بنایاجائے ۔انہوں نے کہاکہ آج کا یہ اقدام تھانہ کلچر میں بہتری کی جانب پہلا قدم ہے اور امید کرتا ہوں اس اقدام سے شہریوں کو براہ راست فائدہ پہنچے گا۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں