ملازمین کی پنشن میں اضافے کا ارادہ ہے ،چیئرمین ای او بی آئی
کراچی (اسٹاف رپورٹر)ایمپلائز اولڈ ایج بینیفٹ انسٹیٹیوشن (ای او بی آئی )کے قائم مقام چیئرمین جاوید اے شیخ نے کہا کہ کورنگی ایسوسی ایشن آف ٹریڈ اینڈ انڈسٹری (کاٹی)کی تجویز کردہ غیر رجسٹرڈ صنعتوں کو پرانے واجبات کی ادائیگی کے بغیر فوری طور پر سرٹیفکیشن جاری کی جائیگی۔
کاٹی میں ہیلپ ڈیسک کو دوبارہ بحال کیا جائے گا،واجبات کی ادائیگی کیلئے مشاورت سے لائحہ عمل طے کرنے کی تجویز کا خیر مقدم کرتا ہوں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے کاٹی میں ظہرانے سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ جاوید اے شیخ نے کہا کہ کاٹی سے پرانا تعلق ہے ، کورنگی انڈسٹریل زون کی صنعتوں کے مسائل، نوٹس، اٹیچمنٹ سمیت دیگر ایشوز کو کاٹی کی مشاورت کے بغیر کسی قسم کی کارروائی عمل میں نہیں لائی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ ہمارا مقصد ملازمین کو ریٹائرمنٹ کے بعد پنشن دینا ہے جبکہ ارادہ ہے کہ ملازمین کی پنشن کی رقم میں اضافہ کیا جائے تاکہ مہنگائی میں ملازمین کا گزارا آسان ہو۔ افسران کی جانب سے سخت رویے کو برداشت نہیں کیا جائے گا ۔ جاوید اے شیخ نے کہا کہ ای او بی آئی نئے پورٹل کا ٹیسٹ کر رہا ہے جس میں تمام ملازمین کی تعداد ، رجسٹرڈ دفاتر اور کنٹری بیوشن کی رقم کی تفصیلات ایک کلک پر موجود ہوں گی۔قائم مقام چیئرمین ای او بی آئی نے کہا کہ مختلف علاقوں میں موجود ددفاتر کی علیحدہ رجسٹریشن کے مسئلہ کو بھی حل کر رہے ہیں۔