قائمہ کمیٹی برائے صنعت و پیداوار کا انڈس موٹرکا دورہ
کراچی(سٹی ڈیسک)قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے صنعت و پیداوارنے چیئرمین سید حفیظ الدین کی سربراہی میں انڈس موٹر کمپنی (آئی ایم سی)کا دورہ کیا، دورے کا مقصد کمپنی کے آپریشنز کے بارے میں جامع بریفنگ لینا تھا۔
وفد آئی ایم سی کے جدید ترین پلانٹ پر گیا جہاں انہوں نے جدید پیداواری عمل، لوکلائزیشن کی کوششوں، اور حالیہ کامیابیوں کا مشاہدہ کیا۔وفد میں قومی اسمبلی کے اراکین شاہد عثمان، کرن عمران، ڈاکٹر مہیش کمار ملانی، عبدالحکیم بلوچ، ناز بلوچ، محمد اقبال خان، محمد سعد اللہ، محمد ارشد ساہی اور ڈاکٹر مہرین رزاق بھٹو نے ورچوئلی شرکت کی۔وفد کے ساتھ وزارت صنعت و پیداوار کے اضافی سیکریٹری اسد اسلام ملہانی اور چیف ایگزیکٹو آفیسر، انجینئرنگ ڈیولپمنٹ بورڈ، انجینئر خدا بخش بھی موجود تھے ۔اس موقع پر انڈس موٹر کمپنی نے پاکستان کے آٹوموٹو سیکٹر میں لوکلائزیشن کے اپنے عزم کو دہرایا اور 2024 میں مزید 4.1 ارب روپے کی سرمایہ کاری کا اعادہ کیا۔ یہ سرمایہ کاری 2026 تک مکمل کی جائے گی ۔ چیئرمین سید حفیظ الدین نے انڈس موٹر کی کامیابیوں کو سراہا اور مقامی آٹو انڈسٹری کی حمایت کی اہمیت پر زور دیا ،تاکہ معاشی ترقی اور روزگار کے مواقع پیدا کیے جا سکیں۔ انہوں نے آٹوموٹو مینوفیکچرنگ سیکٹر کو فروغ دے کر خود انحصاری کیلئے حکومت کے عزم کا اعادہ کیا۔ انڈس موٹر کمپنی کے سی ای او علی اصغر جمالی نے کہا کہ کہ ہم قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے صنعت و پیداوار کی میزبانی کرتے ہوئے خوشی محسوس کررہے ہیں۔