نوٹس کی عدم تعمیل،عدالت ایس بی سی اے حکام پربرہم
کراچی (اسٹاف رپورٹر)سندھ ہائی کورٹ نے برنس روڈ کے قریب رہائشی علاقے میں کمرشل سرگرمیوں کے خلاف درخواست پر نوٹس کی تعمیل نہ کروانے پر ایس بی سی اے حکام پر برہمی کا اظہار کیا۔
عدالت نے ڈپٹی ڈائریکٹر ایس بی سی اے کو فوری طلب کیا،جوعدالت میں پیش ہوئے اور نوٹس کی تعمیل کی تصاویر پیش کیں، وکیل ایس بی سی اے نے عدالت کو بتایا کہ جب بھی نوٹس کی تعمیل کی لئے گئے تو دروازہ بند ملا، عدالت نے ریمارکس دیئے کہ اگر مکان مالک نہیں ملا تو نوٹس کی تعمیل کی رپورٹ جمع کروائیں، درخواست گزار نے عدالت کو بتایا کہ یہ نوٹس آج صبح نو بجے چسپاں گیا ہے ، ایس بی سی اے کے وکیل نے کہا کہ نوٹس پہلے لگایا تھا، اخبار کے ساتھ تصویر پیش ہے جس پر عدالت نے ریمارکس دیئے کہ اخبار تو 1947 کا لگا دیں، اخبار کا کیا ہے ؟ درخواست گزار نے عدالت کو بتایا کہ عمارت کے اندر دیواریں مسمار کرکے ہال بنا دیا ہے ، عمارت پہلے ہی پرانی ہے ، عمارت کو مزید کمزور کردیا گیا ہے ۔ عدالت نے ڈائریکٹر ایس بی سی اے جنوبی کو توہین عدالت کی درخواست پر بیان حلفی جمع کروانے کا حکم دیتے ہوئے کہا کہ اگر قوانین کی خلاف ورزی پر کارروائی نہ کی گئی تو توہین عدالت کی کارروائی شروع کریں گے ، عدالت نے دیگر فریقین کو نوٹس ایس ایچ او آرام باغ کے ذریعے تعمیل کروانے کا حکم دیتے ہوئے تین ہفتوں میں فریقین سے جواب طلب کرلیا۔