سندھ میں ڈاکو راج سے لوگوں کا جینا محال،کاشف شیخ
کراچی(اسٹاف رپورٹر)جماعت اسلامی سندھ کے کاشف سعید شیخ نے کہا ہے کہ اپیکس کمیٹی کے اجلاس میں دہشتگردوں کیخلاف آپریشن کے اعلان کے بعد ملک خصوصا کے پی اور بلوچستان میں دہشتگردی میں تیزی آگئی ہے ۔۔۔
حکمران اور عسکری ادارے دہشتگردی کے خاتمے میں مکمل طور پر ناکام ہوچکے ہیں، خیبرپختونخوا میں بدترین دہشتگردی کے باوجود وزیراعلیٰ اسلام آباد پر چڑھائی جبکہ وفاقی وزیرداخلہ سمیت پوری وفاقی حکومت پی ٹی آئی کے احتجاج کو کچلنے کیلئے ملک کو جام کرکے عالمی تماشہ بنارہے ہیں۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے قباءآڈیٹوریم میں صوبائی نظم کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔اس موقع پر صوبائی نائب امیر پروفیسر نظام الدین میمن، حافظ نصراللہ عزیز، افضال احمد آرائیں، منعم ظفر اور جنرل سیکریٹری محمد یوسف سمیت دیگر ذمہ داران بھی موجود تھے ۔صوبائی امیر نے مزید کہا کہ عوام کا تحفظ تو دور کی بات یہاں تو پولیس، سیکورٹی ادارے کے لوگ بھی محفوظ نہیں ہیں۔ضرورت اس امر کی ہے کہ اقتدار کا میوزیکل چیئر ختم کرکے عوام کی تحفظ کیلئے موثر اقدامات اور دوسروں کو دوش دینے کی بجائے اپنی کوتاہیوں کا اعتراف کرکے امن امان کے قیام کیلئے اقدامات کئے جائیں۔ انہوں نے کہا کہ دریائے سندھ پر 7کروڑ لوگوں کی زندگی کا دارومدار ہے اگر ہم آج بیدار نہ ہوئے تو سندھ کی زراعت، تاریخ اور کلچر سب کچھ برباد ہوجائے گا، سندھ حکومت نے ہوش کے ناخن نہ لئے تو حالات ان کے ہاتھ سے نکل جائیں گے ۔