سندھ حکومت عوام کے تحفظ میں ناکام ہوچکی،منعم ظفر
کراچی (آن لائن)امیرجماعت اسلامی کراچی منعم ظفر خان نے شہر میں اسٹریٹ کرائمز کی وارداتوں میں اضافے اور لوٹ مار کے دوران جانی نقصان پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہاہے۔۔
کہ سندھ حکومت ، محکمہ پولیس اور قانون نافذ کرنے والے ادارے عوام کی جان و مال کے تحفظ میں ناکام ہوچکے ہیں ،شہری ایک جانب ڈکیتی کی وارداتوں سے پریشان ہیں تو دوسری جانب شہر میں ایک بار پھر سے ٹارگٹ کلنگ کے وارداتیں شروع ہوچکی ہیں، پیسے اور موبائل فون چھین لینے کے باوجود لوگوں کو قتل کردیا جاتا ہے ، حکومت نام کی کوئی چیز نظر نہیں آرہی ،صوبائی وزیر داخلہ کہتے ہیں کہ اسٹریٹ کرائمز کے مسئلے کو بڑھا چڑھا کر پیش کیا جاتا ہے ،بتایا جائے کہ آخر جرائم پیشہ عناصر ودہشت گرد وں کے نیٹ ورک کو توڑا کیوں نہیں جارہا ؟ ،کون سی طاقتیں ان کی سرپرستی کررہی ہیں؟ ان کے خلاف فیصلہ کن کارروائی کب شروع ہوگی؟منعم ظفر خان نے اپنے بیان میں مزیدکہاکہ رواں سال ڈکیتی کی وارداتوں میں اب تک 102 شہری اپنی جان گنوابیٹھے ، سندھ حکومت نے سیف سٹی پروجیکٹ کے نام پر اربوں روپے کا بجٹ خرچ کیا لیکن اس کا حاصل اور نتیجہ صفر ہی رہا ہے ۔ انہوں نے مزید کہا کہ ضرورت اس امر کی ہے کہ پولیس کے محکمے میں اصلاحات کی جائیں ،جرائم پیشہ عناصر کی سرپرستی کرنے والوں کے خلاف بلاامتیاز کارروائی کی جائے اورکراچی کے مقامی باشندوں کی بھرتی کو یقینی بنایا جائے ۔