پی پی کی بدترین حکمرانی سے تعلیمی نظام تباہ ہوگیا، منعم ظفر
کراچی (اسٹا ف رپوٹر)جماعت اسلامی کراچی کے امیر منعم ظفر خان نے کہا ہے کہ قومیں تعلیم سے ترقی کا سفر طے کرتی ہیں لیکن سندھ میں پیپلز پارٹی کی 16سالہ بدترین حکمرانی کے باعث تعلیم کی تباہی کا سفر جاری ہے ۔۔
سندھ میں 73 لاکھ بچے اسکولوں سے باہر ہیں، ہم نے ایک سال میں ٹاؤن کے تحت آنے والے 33 اسکولوں کو بحال کیا، شہر بھر میں بچوں اور نوجوانوں کیلئے 120 پارکس بحال کیے جو پچھلے بلدیاتی دور میں کھنڈر بن گئے تھے ، ہم جماعت اسلامی کے کسی بھی ٹاؤن میں اپنے تعلیمی ادارے اور پارکس کسی بھی این جی او کے حوالے نہیں کرینگے ، اساتذہ کا ہاتھ تھامیں گے اور زیر تعلیم میں بچوں کی سرپرستی کریں گے ۔تعلیم کی فراہمی حکومت و ریاست کی بنیادی ذمہ داری ہے مگر یہاں لوگوں سے تعلیم اور صحت جیسی بنیادی سہولتیں بھی چھین لی گئی ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے بدھ کو نشتر بستی میں گلشن اقبال ٹاؤن کے تحت اسکولوں کے طلبہ میں مفت یونیفارم اور شوز تقسیم کرنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔تقریب سے گلشن اقبال ٹاون کے چیئرمین ڈاکٹر فواد احمد نے بھی خطاب کیا۔منعم ظفر خان نے کہا کہ یہ حکومت کی بنیادی ذمہ داری ہے کہ بچوں کو تعلیم کے زیور سے آراستہ کریں، تعلیم کے سفر میں آگے بڑھیں گے تو ملک ترقی کرے گالیکن اس پورے عمل میں حکومت کہیں نظر نہیں آتی۔