پیپلز پارٹی کے 57ویں یوم تاسیس پرتقریبات،کیک کاٹاگیا
کندھ کوٹ ،میرپور ماتھیلو(نمائندگان دنیا) پیپلز پارٹی کے 57ویں یوم تاسیس کے موقع پر کندھ کوٹ میں پیپلز پارٹی ضلع کشمور کی جانب سے مقامی ہال میں تقریب کا انعقاد کیا گیا۔
تقریب میں پیپلز پارٹی کے ضلعی صدر گل محمد جاکھرانی، ضلعی جنرل سیکرٹری الطاف احمد کھوسو اور عہدیداران و اراکین کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ اس موقع پر ضلعی صدر گل محمد، جنرل سیکرٹری الطاف احمد کھوسو اور دیگر کا کہنا تھا کہ پیپلز پارٹی کی بنیاد 30 نومبر 1967 کو رکھی گئی تھی جس کا مقصد عوام کے لیے مساوات اور معاشی خوشحالی کے اصولوں پر مبنی معاشرے کا قیام تھا۔ میرپورماتھیلو میں بھی پیپلزپارٹی کے یومِ تاسیس پر پر وقار تقریب کا انعقاد کیاگیا جس میں پی پی چیئرمین بلاول بھٹو نے وڈیو لنک کے ذ ریعے خطاب کیا۔ اس موقع پر ضلعی چیئرمین بنگل خان مہر اور پیپلزپارٹی کے ضلعی صدر میربابر علی لونڈ کی جانب سے یوم تاسیس کا کیک کاٹا گیا۔پیپلزپارٹی کے ضلعی صدر میر بابر علی لوند کی قیادت میں منعقدہ جلسے میں مہمانِ خصوصی کے طور پر ضلعی چیئرمین بنگل خان اور دیگر سیاسی شخصیات سمیت کارکنان کی کثیر تعداد نے شرکت کی ۔ بلاول بھٹو کے خطاب کے بعد تقریب کے مہمانِ خصوصی اور پیپلزپارٹی کے ضلعی صدر میربابر علی لوند کی جانب سے یومِ تاسیس کا کیک کاٹا گیا ۔ قبل ازیں پیپلزپارٹی کے ضلعی صدر میربابر علی لونڈ نے کہا کہ پیپلزپارٹی شہداء کی جماعت ہے جس کے قائدین اور کارکنان نے ملک و قوم کی بقا کے لیے نہ صرف جیلوں کی سختیاں برداشت کیں بلکہ اپنی جانوں کے نذرانے بھی پیش کرکے تاریخ رقم کردی۔