میئر ہماری تجاویز پرعمل کریں توحیدرآباد ترقی کر سکتا،ایم کیوایم
حیدر آباد(نمائندہ دنیا)ایم کیو ایم پاکستان کے حیدرآباد سے رکن سندھ اسمبلی انجینئر صابر حسین قائم خانی نے وزیر اعلیٰ سندھ کے معاون خصوصی برائے خوراک اور پیپلز پارٹی کے ترجمان کی جانب سے کی گئی پریس کانفرنس کو حقائق کے منافی قرار دیتے ہوئے کہاہے کہ۔۔۔
یہ مسائل سے چشم پوشی، تنگ نظری و تنگ دلی ہے ۔ انہوں نے کہاکہ معاون خصوصی نے کہاہے ہم شہر کی بہتری کے لئے ایم کیو ایم کے نمائندوں کے ساتھ بیٹھنے کو تیار ہیں تو انہیں بتاتے چلیں کہ ایم کیو ایم نے اپنے دروازے کبھی بند نہیں کئے اور شہر کی بہتری کے لئے ہمیشہ ہر ایک سے ملاقاتیں کیں،اگر وہ شہر کی بہتری اور سنجیدگی سے مسائل کو حل کرنا چاہتے ہیں تو ہم حیدرآباد کے مسائل حل کرنے کے لئے ہر ممکن تعاون کرنے کیلئے تیار ہیں۔ انہوں نے کہاکہ میئر حیدرآباد کاشف شوروکا امریکا کا دورہ صرف سیروتفریح ہے تو ہم مذمت کرتے ہیں لیکن اگر وہ وہاں سے سیکھ کر آئیں اور شہر میں ڈلیور کریں تو ہم خیرمقدم کرتے ہیں۔ حیدرآباد کے مسائل کا حل ایم کیو ایم کے پاس ہے لیکن اختیار حکومت و مئیر کے پاس ہے اگر وہ ہماری تجاویز پر عمل کریں تو حیدرآباد تعمیر و ترقی کی مثال بن سکتا ہے۔ انہوں نے کہاکہ آج بھی ہم دعویٰ کرتے ہیں کہ حیدرآباد کو فلٹر پلانٹ سے پانی فراہم نہیں کیا جاتا، حسین آباد فلٹر پلانٹ سے بغیر صاف کیا ہوا مکمل مقدار کے بغیر گندا پانی سپلائی کیا جا رہا ہے ،میڈیا فلٹر پلانٹ کا دورہ کرے تو حقائق سامنے آ جائیں گے۔