ضلع کونسل سکھر :بیروزگاروں کیلئے بلا سود قرضوں کی منظوری

ضلع کونسل سکھر :بیروزگاروں کیلئے بلا سود قرضوں کی منظوری

سکھر(بیورو رپورٹ)ضلع کونسل سکھر نے بیروزگاروں کے لیے چھوٹے کاروبار کے لیے بلا سود قرض دینے کی منظوری دے دی۔۔۔

 سرسو لون اسکیم کی منظوری چیئرمین ضلع کونسل سکھر سید کمیل حیدر شاہ کی زیر صدارت ضلع کونسل کے نویں اجلاس میں دی گئی ۔چیئرمین ڈسٹرکٹ کونسل سکھر سید کمیل حیدر شاہ نے اعلان کیا کہ ہر مہینے ضلع کونسل سرسو کو 25 لاکھ روپے فراہم کرے گی، جو یوسیز کے بے روزگار مردوں، عورتوں اور بڑی عمر کے بے روزگار افراد کو بلا سود دیے جائیں گے ۔انہوں نے کہا کہ زیادہ سے زیادہ 3 لاکھ روپے کا قرض دیا جائے گا، جو سندھ رورل سپورٹ آرگنائزیشن (سرسو)کے ذریعے دینے کا فیصلہ کیا گیا ہے ۔سید کمیل حیدر شاہ نے مزید کہا کہ سرسو کے پاس ایک بہترین مکیننزم موجود ہے جس کی وجہ سے انہیں اس اسکیم کے لیے منتخب کیا گیا ہے ،لوکل کونسل کے ملازمین اتنے تربیت یافتہ نہیں ہیں کہ وہ اسکیم چلا سکیں،اسی لیے تجربہ کار این جی اوز کی خدمات حاصل کی گئی ہیں۔انہوں نے کہا کہ بلا سود قرض اسکیم سے بے روزگاروں کی زندگی میں بہتری آئے گی اور با عزت روزگار کر سکیں گے ، متعلقہ یونین کونسل کے ممبر کی تصدیق کے بعد بیروزگاروں کو قرض دیا جائے گا۔ اس موقع پر ڈویلپمنٹ کمیٹی کے چیئرمین تقی خان دھاریجو نے پہلے فیز کے ترقیاتی کاموں سے متعلق اجلاس کو بریفنگ دی۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں