ڈی ایچ کیو اسپتال کے مسائل حل کرنے کی یقین دہانی
میرپورخاص(بیورورپورٹ)کمشنر فیصل احمد عقیلی نے کہاہے کہ ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹرسول اسپتال لوگوں کو صحت کی سہولیات فراہم کرنے کا واحد ذریعہ ہے۔۔۔
جس سے غریب مریضوں کو صحت کی سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنایا جا سکتا ہے جو ان کا بنیادی حق ہے ، اس لیے سول اسپتال کو درپیش مسائل کا حل ہونا بہت ضروری ہے اس مقصد کے لئے ڈویژنل اور ضلعی انتظامیہ مل کر کام کر رہی ہے ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے کمشنر کمیٹی ہال میں ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر سول اسپتال کے درپیش مسائل کے حل،صفائی ستھرائی اور ضروری اقدامات کرنے سے متعلق اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ کمشنر نے تمام متعلقہ افسران پر زور دیا کہ ڈی ایچ کیو اسپتال کے درپیش مسائل کے حل کے لئے جو بھی ذمہ داریاں انہیں دی گئی ہیں وہ ہر صورت میں پوری کی جائیں ،جس کے نتیجے میں علاقہ مکینوں بالخصوص گردونواح کے اضلاع سے آنے والے مریض صحت کی سہولیات سے مستفید ہو سکیں گے ۔اس ضمن میں محکمہ صحت، حکومت سندھ، ڈویژنل اور ضلعی انتظامیہ ایک پیج پر ہیں ، تاکہ غریب مریضوں کو صحت کی بہتر اور معیاری سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنایا جا سکے ۔ اس موقع پر میئر عبدالروف غوری نے ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر سول اسپتال میں صفائی ستھرائی کے کاموں اور دیگر ضروری اقدامات کے لئے ہر ممکن تعاون کا یقین دلایا۔ اس موقع پر ایڈیشنل کمشنر1 ڈاکٹر علی نواز بھوت، ڈپٹی کمشنر ڈاکٹر رشید مسعود خان اور دیگر متعلقہ افسران موجود تھے۔