میٹرک انٹرمیڈیٹ امتحانات75 فیصد سلیبس سے لینے کا فیصلہ
کراچی (آن لائن)محکمہ تعلیم سندھ نے تعلیمی سیشن 2025 یکم اپریل سے شروع کرنے کا فیصلہ کرتے ہوئے موجودہ سیشن کا سلیبس 25 فیصد کم کر دیا اور رواں سیشن کے پہلی سے آٹھویں جماعت کے امتحانات کے علاوہ میٹرک اور انٹر کے سالانہ امتحانات بھی صرف 75 فیصد سلیبس سے لینے کا فیصلہ کیا ۔
یہ فیصلہ تعلیمی سیشن یکم اگست سے یکم اپریل کیے جانے کے تناظر میں کیا گیا ۔ اسٹیئرنگ کمیٹی کی ضمنی کمیٹی میں فیصلہ کیا گیا ہے جس کے باقاعدہ منٹس بھی نوٹیفائی کر دی گئی ۔ اس سلسلے میں اجلاس نومبر میں ہوا تھا ۔ منٹس میں کہا گیا کہ اکیڈمک سیشن میں تبدیلی کے سبب تمام کلاسز کے سلیبس 75 فیصد تک کم کیے جا رہے ہیں۔ کالجوں میں تعلیمی سال یکم اگست سے شروع ہوگا۔ کلاس نہم کے داخلے یکم سے 31 مارچ جبکہ انٹر سال اول کے داخلے یکم جون سے ہونگے ۔ جماعت چہارم سے آٹھویں کے امتحانات یکم سے 15مارچ تک ہونگے ، میٹرک امتحانات 15 مارچ جبکہ انٹر کے 15 اپریل سے ہونگے ۔ میٹرک نتائج 15 جولائی،انٹر کے 15اگست تک جاری ہونگے ۔ نویں اور گیارہویں کے نتائج دسویں اور بارہویں کے نتائج کے اجراء کے 60روز میں جاری ہونگے ۔ گرمی کی چھٹیاں یکم جون سے 31جولائی،سردی کی تعطیلات 22 سے 31 دسمبر تک ہونگی۔