عالمی معیار کے مطابق سکھر کا ماسٹر پلان تیار کر رہے ، میئر
سکھر (بیورو رپورٹ) چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو سے ترجمان سندھ حکومت و میئر سکھر بیرسٹر ارسلان اسلام شیخ نے بلاول ہاؤس کراچی میں ملاقات کی۔۔
اور انہیں اپنی کارکردگی رپورٹ سے آگاہ کرتے ہوئے بتایا کہ عالمی معیار کے مطابق سکھر کا ماسٹر پلان تیار کر رہے ہیں، شہر کے نکاسی آب کا دیرینہ مسئلہ حل ،تمام پمپنگ اسٹیشنز کو اپ گریڈ کر دیا ہے ، پینے کے صاف پانی کے 24 ارب روپے کے منصوبے پر جلد کام کا آغاز ہوگا، عوام کو تفریح کی سہولیات فراہم کرنے کے لیے لب مہران، واکنگ ٹریک اور دیگر پارکوں کی بیوٹی فکیشن اور اضافی سہولیات کی منصوبہ بندی کر لی ہے ۔ بلاول بھٹو زرداری نے انہیں ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ سکھر کے شہریوں کو پینے کے صاف پانی کی فراہمی کے منصوبے کو جلد از جلد مکمل کیا جائے اور پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کے تحت نوجوانوں کی اسکل ڈیولپمنٹ کے لیے پروگرام بالخصوص آئی ٹی کورسز کا آغاز کیا جائے ۔ بلاول نے کہا کہ سکھر میں پیپلز بس سروس کام کر رہی ہے ، پبلک ٹرانسپورٹ سیکٹر کو مزید بہتر کیا جائے ، غیر ضروری تنقید اور سیاسی سرگرمیوں کے بجائے سندھ حکومت کے عوامی خدمات کے منصوبوں کو دیگر صوبوں کے عوام کے سامنے لایا جائے ۔ انہوں نے کہا کہ صحت، انفرااسٹرکچر کے شعبوں میں پیپلز پارٹی نے سندھ میں بے انتہا کام کیا ہے ۔ بلاول نے کہا کہ عوام ترقی اور سہولیات چاہتے ہیں، غیر ضروری سیاسی سرگرمیوں میں ان کی کوئی دلچسپی نہیں۔